حکومتِ پاکستان اب کرپٹو کرنسی کو قانونی شکل دینے اور اسے ملک کے مالیاتی و ریگولیٹری فریم ورک میں شامل کرنے کے عمل میں مصروف ہے۔ ورچوئل ایسٹس آرڈیننس 2025 (وی اے او 2025) کا نفاذ دراصل ڈیجیٹل اثاثوں کو ایک جائز سرمایہ کاری اور تجارتی زمرہ کے طور پر باضابطہ تسلیم کرنے کا عمل ہے ، ایک ایسا فیصلہ جس کا طویل عرصے سے لاکھوں پاکستانی سرمایہ کار انتظار کر رہے تھے جو غیر رسمی طور پر بین الاقوامی ایکسچینجز کے ذریعے کام کر رہے ہیں۔
یہ قانونی عمل اگرچہ بروقت اور ضروری ہے، مگر اس کے ساتھ مالیاتی، ریگولیٹری اور ساختی چیلنجز بھی جڑے ہیں، خصوصاً یہ سوال کہ کس طرح کرپٹو ٹرانزیکشنز پر مؤثر طریقے سے ٹیکس عائد کیا جائے بغیر جدت کو روکے یا سرمایہ کے انخلا کا خطرہ پیدا کیے۔ اسی تناظر میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بطور مرکزی ٹیکس اتھارٹی ماہرین، فری لانسرز اور نجی شعبے کے بڑے اسٹیک ہولڈرز سے ابتدائی مشاورت کا آغاز کیا ہے، تاکہ ایک ابتدائی کرپٹو ٹیکسیشن فریم ورک تیار کیا جا سکے جو بالآخر پاکستان کے وسیع مالیاتی نظام میں ضم ہو جائے۔
تاہم اس کام کیلئے وقت کم اور یہ سار عمل نہایت پیچیدہ ہے۔ کرپٹو اثاثوں کی ملکیت، منتقلی، اور رپورٹنگ کی جامع قانون سازی ابھی تیاری کے مرحلے میں ہے، جبکہ وی اے او 2025 کے تحت ذیلی قواعد کی عدم موجودگی ٹیکس دہندگان اور ریگولیٹرز دونوں کے لیے غیر یقینی صورتحال پیدا کر رہی ہے۔
اس عبوری مرحلے میں کرپٹو اثاثوں کی ٹیکسیشن کے لیے ایسا متوازن طریقہ کار اپنانا ناگزیر ہے جو ریونیو بھی محفوظ کرے اور ڈیجیٹل معیشت کی نمو کو بھی متاثر نہ کرے۔ ایف بی آر کی ابتدائی مشاورت سے یہ واضح ہو رہا ہے کہ کرپٹو سیکٹر، جس میں ٹریڈنگ، مائننگ، اسٹیکنگ، ییلڈ فارمنگ، ٹوکن اجرا، اور ڈی سینٹرلائزڈ فنانس جیسی سرگرمیاں شامل ہیں کو اب مزید ٹیکس نیٹ سے باہر نہیں رکھا جا سکتا۔
موجودہ صورتحال میں ایک جامع ٹیکسیشن میکانزم درکار ہے جو کرپٹو سرگرمی کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کرے۔ ورچوئل کرنسیز کی ٹریڈنگ سے حاصل ہونے والے کیپٹل گینز پر ٹیکس عائد کرنا سب سے سیدھا عمل ہے، کیونکہ یہ لین دین سیکیورٹیز ٹریڈنگ کے مشابہ ہیں۔
تاہم مائننگ آمدنی پر ٹیکس ایک منفرد چیلنج ہے، کیونکہ اس میں سرمایہ کثیر سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ توانائی کے غیر مستحکم استعمال کا عنصر بھی شامل ہوتا ہے۔ اسی طرح اسٹیکنگ ریوارڈز، ییلڈ فارمنگ، اور ڈی سینٹرلائزڈ ایکسچینج سرگرمیوں پر ٹیکس لگانے کے معاملات بھی پیچیدہ ہیں، کیونکہ ان سے حاصل ہونے والی آمدنی اکثر نان-فیاٹ کرنسی میں ہوتی ہے اور روایتی بینکنگ نظام سے نہیں گزرتی۔
نان فنجیبل ٹوکنز (این ایف ٹیز) اور ٹوکن اجرا (آئی سی اوز اور آئی ای اوز) کی ٹیکسیشن اس دائرے کو مزید وسیع کرتی ہے، جس کے لیے اثاثہ جاتی زمروں کی قانونی تعریف اور ٹیکس ذمہ داری کے محرکات کا تعین ضروری ہے۔ ان تمام متنوع سرگرمیوں کو ایک ہی ٹیکسیشن فریم ورک میں لانا ایف بی آر، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے درمیان قریبی تعاون کا تقاضا کرتا ہے۔
کرپٹو ٹریڈنگ گینز کی ٹیکسیشن کو عالمی طریقۂ کار کے مطابق ہونا چاہیے، خاص طور پر وہاں جہاں انکم ٹیکس قانون متوازی اصولوں (پری میٹیریا) پر مبنی ہے۔ اس کے لیے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 (آئی ٹی او 2001) میں ترامیم ناگزیر ہیں، جن کے تحت کرپٹو اثاثوں کو ”اسپیسیفائیڈ فنانشل انسٹرومنٹس“ کے طور پر متعین کیا جائے اور ٹیکس ایبل کیپٹل گین/لاس کے حساب کا طریقہ کار اسی طرح وضع کیا جائے جیسا لسٹڈ سیکیورٹیز کے لیے ہے، تاکہ انہی اصولوں کا اطلاق ڈیجیٹل ہولڈنگز پر بھی ہو۔
اثاثوں کی فروخت سے حاصل منافع پر حقیقی بنیاد پر ٹیکس عائد ہونا چاہیے، اور اس کے لیے ایف آئی ایف او (فرسٹ ان فرسٹ آئوٹ) ویلیوایشن طریقہ اپنایا جا سکتا ہے [سیکشن 35، آئی ٹی او2001]۔ ٹیکس شرح کو ہولڈنگ پیریڈ کے مطابق مختلف رکھا جائے تاکہ طویل مدتی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور قیاسی مختصر مدتی ٹریڈنگ کی حوصلہ شکنی ہو۔
مائننگ سرگرمیوں پر ٹیکس کے لیے ایکسٹریکٹیو انڈسٹریز ماڈل اپنایا جا سکتا ہے، جس کے تحت بجلی، فرسودگی، اور آپریشنل اخراجات منہا کرنے کے بعد حاصل شدہ خالص آمدنی پر بزنس انکم ٹیکس (سیکشن 18، آئی ٹی او2001) لگایا جائے۔ اسی طرح اسٹیکنگ اور ییلڈ فارمنگ ریوارڈز کو ”دیگر ذرائع سے آمدنی“ [سیکشن 39، آئی ٹی او2001] کے زمرے میں شامل کیا جا سکتا ہے تاکہ تمام غیرفعال ڈیجیٹل آمدن بھی ٹیکس نیٹ میں آ جائے۔
تاہم سب سے حساس معاملہ غیر اعلانیہ آف شور ہولڈنگز کی ٹیکسیشن کا ہے۔ اندازوں کے مطابق تقریباً چالیس ملین پاکستانی غیر ملکی ایکسچینجز کے ذریعے بیرونِ ملک کرپٹو اثاثے رکھتے ہیں جن کی کل مالیت 25 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔
ماضی میں قانونی فریم ورک کی عدم موجودگی کے باعث ان سرمایہ کاروں نے اپنے اکاؤنٹس غیر ملکی پتے اور کم رپورٹنگ والے ممالک کے والٹس سے رجسٹر کیے۔ اب اگر حکومت اس مرحلے پر بغیر کسی عبوری کمپلائنس راستے کے ٹیکسیشن متعارف کراتی ہے تو اس سے سرمائے کے اخفاء، اثاثوں کے انخلا، یا مستقل ٹیکس نقصان کا خطرہ بڑھ جائے گا۔
لہٰذا حکومت کے لیے ضروری ہے کہ وہ کمپلیئنس کو یقینی بنانے اور سرمایہ کاروں کو اثاثوں کی باقاعدہ رجسٹریشن کا جائز موقع فراہم کرنے کے درمیان نہایت نازک توازن قائم کرے۔
رضاکارانہ ڈیکلیریشن میکانزم ایک ایسا پالیسی آلہ فراہم کرتا ہے جو اس توازن کو حاصل کر سکتا ہے بغیر اس کے کہ پاکستان کے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزی ہو۔ یہ ڈیکلیریشن فریم ورک ایک کمپلائنس ایڈجسٹمنٹ کے طور پر تیار کیا جا سکتا ہے، کسی ایمنسٹی (عام معافی) کے طور پر نہیں۔ اس اسکیم کے تحت ٹیکس دہندگان کو یہ اجازت دی جا سکتی ہے کہ وہ اپنی موجودہ آف شور کرپٹو ہولڈنگز رضاکارانہ طور پر ظاہر کریں، انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 (آئی ٹی او 2001) کے تحت واجب الادا ٹیکس معمول کی شرحوں پر ادا کریں، ایک معتدل سرچارج (اضافی فیس) کے ساتھ، اور ان اثاثوں کو مستقبل کی ویلتھ اسٹیٹمنٹ [سیکشن 116، آئی ٹی او2001] اور فارن ایسٹس اسٹیٹمنٹ [سیکشن 116A، آئی ٹی او2001] میں باضابطہ طور پر شامل کر سکیں۔
یہ میکانزم کسی قسم کی قانونی چھوٹ یا استثنیٰ فراہم نہیں کرے گا، بلکہ یہ خود انکشاف کے اصول کے تحت کام کرے گا۔ اس کی قانونی توجیح انتظامی سہولت اور رضاکارانہ ٹیکس کمپلائنس کے فروغ پر مبنی ہو سکتی ہے، جو آئی ایم ایف کی ڈومیسٹک ریسورس موبلائزیشن سے متعلق رہنمائی سے مطابقت رکھتی ہے۔
غیر اعلانیہ آف شور ہولڈنگز کی نشاندہی کو بین الاقوامی تعاون کے میکانزم کے ذریعے مضبوط کیا جا سکتا ہے۔ آرگنائزیشن فار اکنامک کوآپریشن اینڈ ڈیویلپمنٹ (او ای سی ڈی) نے کرپٹو ایسٹ رپورٹنگ فریم ورک (سی اے آر ایف) متعارف کرایا ہے، جو کامن رپورٹنگ اسٹینڈرڈ (سی آر ایس) کا توسیعی ماڈیول ہے۔
سی اے آر ایف کے تحت رکن ممالک کے درمیان کرپٹو ٹرانزیکشنز، والٹ بیلنسز، اور بینیفیشل اونرشپ ڈیٹا کے خودکار تبادلے کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ پاکستان کے مقامی قانون کو اگر اس فریم ورک کے ساتھ ہم آہنگ کر دیا جائے، تو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو بیرونی ممالک سے ایسے باقاعدہ رپورٹس موصول ہو سکیں گی جن میں پاکستانی رہائشیوں کے غیر ملکی کرپٹو اثاثوں کی تفصیلات درج ہوں۔
سی اے آر ایف کے ڈیٹا کو پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (پرال) کے ڈیٹا ویئرہاؤس کے ساتھ ضم کرنے سے ریئل ٹائم رسک اسیسمنٹ، ڈیجیٹل انکم اور ٹیکس ریٹرنز کا موازنہ، اور غیر مطابقت کی صورت میں آڈٹ کے آغاز کی سہولت ممکن ہو گی۔
یوں او ای سی ڈی فریم ورک پاکستان میں کرپٹو شفافیت اور انفورسمنٹ کی بنیاد بن سکتا ہے۔ اس کے قانونی نفاذ کے لیے انکم ٹیکس رولز 2002 (آئی ٹی آر 2002) میں ترامیم درکار ہوں گی، جن کے تحت پاکستان میں آپریٹ کرنے والے مقامی اور غیر ملکی ایکسچینجز کو درج ذیل شرائط پوری کرنا ہوں گی:
• ایف بی آر میں رجسٹریشن کرانا • یوزر لیول ٹرانزیکشن ڈیٹا رپورٹ کرنا • اینٹی منی لانڈرنگ اور کاؤنٹر فنانسنگ آف ٹیررازم (اے ایم ایل-سی ایف ٹی) ریجیم کی مکمل پابندی • نو یور کسٹمر (کے وائے سی) کے ایسے معیارات پر عمل کرنا جو فائنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کی ریکمنڈیشن 15 کے مطابق ہوں، جو ورچوئل ایسٹس اور ورچوئل ایسٹ سروس پرووائیڈرز (وی اے ایس پیز) سے متعلق ہے۔
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)، ورچوئل ایسٹس آرڈیننس 2025 (وی اے او 2025) کے تحت، ان ایکسچینجز کو لائسنس جاری کر سکتا ہے، اور رجسٹریشن کو ڈیٹا شیئرنگ کی ذمہ داری سے مشروط کر سکتا ہے۔ ایف بی آر ان ایکسچینجز کے ڈیٹا کو قومی ٹیکس پروفائل میں ضم کر کے والٹ سے ٹیکس دہندہ تک مکمل ٹریس ایبلٹی کو یقینی بنا سکتا ہے۔
شیڈیول بیسڈ ٹیکسیشن کا نفاذ ایک اور ساختی فائدہ فراہم کرے گا۔ پاکستان کے ٹیکس قوانین میں طویل عرصے سے رائج یہ نظام مختلف اقسام کی آمدنی کے لیے الگ الگ شرحیں اور حساب طے کرتا ہے، جس سے کمپلائنس آسان اور انکم کیٹیگریز کے درمیان کراس سبسڈائزیشن سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے۔
اگر کرپٹو اثاثوں کے لیے ایک علیحدہ شیڈیول بنایا جائے تو اس میں ٹریڈنگ گینز، مائننگ انکم، اسٹیکنگ ریوارڈز، اور این ایف ٹی ٹرانزیکشنز کے لیے مخصوص ٹیکس شرحیں طے کی جا سکتی ہیں۔ یہ شرحیں سیکیورٹیز ٹیکسیشن کے مطابق رکھی جا سکتی ہیں، مگر مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ کے خطرے کو مدِنظر رکھتے ہوئے ایڈجسٹ کی جائیں، اور ہولڈنگ پیریڈز کے لحاظ سے مختلف ہوں۔
یہ شیڈیولر ٹیکسیشن اپروچ خودکار نظام کو بھی آسان بنائے گا، کیونکہ ایکسچینجز اثاثہ فروخت کے وقت ودہولڈنگ ٹیکس منہا کر کے براہ راست ایف بی آر کو جمع کروا سکیں گی ، بالکل اسی طریقے سے جیسے کیپٹل مارکیٹس میں کیا جاتا ہے۔
اعلان کردہ اثاثوں کی ویلیوایشن اور آڈٹ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ قیمتوں کے اشاریوں پر مبنی ہو گا۔ ایس ای سی پی ایک پینل تشکیل دے سکتی ہے جس میں عالمی شہرت یافتہ ایکسچینجز جیسے بائنانس، کوائن بیس، اور کریکن کو قیمت کے حوالہ جاتی ذرائع کے طور پر تسلیم کیا جائے۔
اعلان کردہ کرپٹو اثاثوں کی مالیت ان کے اعلان کی تاریخ کے مارکیٹ ریٹ کے مطابق ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں درج کی جائے گی۔ پرال کا ڈیٹا بیس ان اثاثوں کی تصدیق ایکسچینج ڈیٹا سے کر سکتا ہے، جس سے شفاف آڈٹ ٹریل اور غلط رپورٹنگ کی روک تھام ممکن ہو گی۔ ویلیوایشن کے اس معیار کی اسٹینڈرڈائزیشن پاکستان اور بین الاقوامی ٹیکس ریکارڈز کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرے گی، اور پاکستان کا نظام او ای سی ڈی-مطابقت رکھنے والے ممالک کے برابر ہو جائے گا۔
تاہم سب سے بڑا اداراتی چیلنج ان کرپٹو اثاثوں کی وطن واپسی ہے جو بیرونِ ملک رکھے گئے ہیں۔ اندازاً 25 ارب امریکی ڈالر کے کرپٹو اثاثے جو آف شور ایکسچینجز میں بند ہیں، وہ نہ صرف محصولی صلاحیت کے نقصان کی نمائندگی کرتے ہیں بلکہ پاکستان کے مالیاتی نظام میں لیکویڈیٹی کی شدید کمی کا باعث بھی ہیں۔
غیر رسمی ذرائع سے سرمایہ نہ آنے کے باعث ایکسچینج ریٹ پر دباؤ بڑھتا ہے اور ٹیکس نیٹ محدود رہتا ہے۔
لہٰذا پالیسی ڈیزائن میں ایسے اقدامات شامل ہونا لازمی ہیں جو رضاکارانہ وطن واپسی کی ترغیب دیں۔ حکومت اعلان شدہ کرپٹو دولت کو پاکستان کے فن ٹیک اسٹارٹ اپس، بلاک چین انفراسٹرکچر پروجیکٹس، اور ڈیجیٹل پیمنٹ ایکو سسٹمز میں دوبارہ سرمایہ کاری کی اجازت دینے پر غور کر سکتی ہے، ساتھ ہی محدود ٹیکس کریڈٹس یا انویسٹمنٹ میچنگ اسکیمز متعارف کرا سکتی ہے۔
اس طرح کرپٹو سرمایہ کو ملکی معیشت میں ضم کر کے پاکستان کو ایک علاقائی ڈیجیٹل فنانس حب میں تبدیل کیا جا سکتا ہے اور ساتھ ہی ٹیکس نیٹ کو بھی مؤثر طور پر وسیع کیا جا سکتا ہے۔
اس پالیسی فریم ورک کی کامیابی مضبوط بین الادارتی رابطہ کاری پر منحصر ہوگی۔ ایف بی آر، ایس ای سی پی، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ایف آئی اے کے فنانشل کرائمز وِنگ کو ایک متحدہ ڈیجیٹل فنانس اوور سائٹ کمیٹی کے تحت تعاون کرنا ہوگا۔ بلاک چین پر مبنی آڈٹ اور رپورٹنگ ٹولز کو اپنانے سے لین دین کی ریئل ٹائم نگرانی ممکن بنائی جا سکتی ہے، جبکہ انتظامی صوابدید میں کمی لائی جا سکتی ہے۔
عوامی آگاہی مہم میں تعمیل (کمپلائنس) کے فوائد کو اجاگر کیا جانا چاہیے، ساتھ ہی غیر انکشاف، آمدن یا غیر ملکی اثاثوں کی پوشیدگی پر پارٹ X اور پارٹ XI کے تحت سزاؤں اور قانونی کارروائیوں کو نمایاں کرنا چاہیے — (سیکشنز 182، 191، 192A، اور 192B، انکم ٹیکس آرڈیننس 2001) کے مطابق۔ اس سے یہ اعتماد پیدا ہوگا کہ نیا نظام شفاف اور ٹیکنالوجی پر مبنی ہے۔
فریم ورک کا تکنیکی ڈھانچہ بہترین بین الاقوامی اصولوں کی عکاسی کرنا چاہیے۔ او ای سی ڈی کے سی اے آر ایف (کرپٹو-ایسیٹ رپورٹنگ فریم ورک) کے ساتھ ہم آہنگی پاکستان کو عالمی کرپٹو ٹیکس معلومات کے تبادلے کے نظام میں شامل کرے گی۔ فیٹف کے تقاضوں پر عمل درآمد منی لانڈرنگ سے بچاؤ کی ضمانت فراہم کرے گا۔ شیڈیولر بیسڈ ماڈل سادگی اور خودکاری کو یقینی بنائے گا۔ رضاکارانہ ڈیکلریشن میکانزم غیر رسمی معیشت اور رسمی نظام کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرے گا۔ ان تمام عناصر کا انضمام ایک جامع حکمتِ عملی تشکیل دیتا ہے جو موجودہ اور آئندہ ڈیجیٹل آمدنی کے ذرائع دونوں کو مؤثر طور پر محیط کرے گی۔
پاکستان کی کرپٹو معیشت کا غیر رسمی حیثیت سے قانونی دائرے میں آنا صرف ایک مالی اصلاح نہیں بلکہ ملک کے مالیاتی ڈھانچے کی ساختی جدیدیت کی علامت بھی ہے۔ عملیاتی ٹیکسیشن فریم ورک کا نفاذ، جو عالمی معیارات سے ہم آہنگ ہو اور قومی قانون میں ضم ہو، ایک 25 ارب ڈالر کی غیر محصول شدہ ڈیجیٹل معیشت کو ایک ریگولیٹڈ اثاثہ جاتی شعبے میں تبدیل کر سکتا ہے جو قومی محصولات، مالی شمولیت، اور ڈیجیٹل مسابقت میں کردار ادا کرے گا۔
یہ موقع تاریخی ہے، اور وقت انتہائی اہم۔ اگر قانونی حیثیت، ٹیکسیشن، اور شفافیت کو ایک مربوط حکمتِ عملی کے تحت ہم آہنگ کر دیا جائے تو پاکستان آئندہ مالی سال میں ایک مطابقت پذیر مگر ترقی پسند ڈیجیٹل معیشت کے طور پر ابھر سکتا ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025






















Comments
Comments are closed.