جنوبی افریقہ میں ایک خوفناک بس حادثے میں کم از کم 40 افراد ہلاک ہو گئے، جن میں ملاوی اور زمبابوے کے شہری بھی شامل ہیں۔ یہ افسوسناک واقعہ اتوار کے روز پیش آیا جب ایک مسافر بس زمبابوے کی سرحد سے تقریباً 90 کلومیٹر دور ایک ڈھلوان سے نیچے جا گری۔ صوبہ لمپوپو کی ٹرانسپورٹ وزیر وائلٹ ماتھیے کے مطابق، ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ڈرائیور نے گاڑی پر قابو کھو دیا تھا، جس کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا۔
حکومت کے مطابق، اب تک 40 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، جب کہ 38 زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔ امدادی عملہ جائے حادثہ پر مزید لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک 10 ماہ کی بچی بھی شامل ہے، جس نے سانحے کو مزید دلخراش بنا دیا۔
یہ بس جنوبی شہر گکبیہا سے زمبابوے کی جانب جا رہی تھی، جس میں زیادہ تر مسافر جنوبی افریقہ میں مقیم زمبابوے اور ملاوی کے مزدور تھے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجوہات میں ڈرائیور کی تھکن یا گاڑی میں فنی خرابی شامل ہو سکتی ہے۔
جنوبی افریقہ میں سڑک حادثات عام ہیں، جن کی بڑی وجوہات تیز رفتاری، غیر محتاط ڈرائیونگ اور ناقص حالت میں گاڑیوں کا استعمال قرار دی جاتی ہیں۔ حکام کے مطابق، ملک میں ہر سال ہزاروں افراد ٹریفک حادثات میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔























Comments
Comments are closed.