سعودی عرب نے بدھ کے روز غزہ شہر میں اسرائیلی زمینی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ یہ مذمت اُس وقت سامنے آئی جب اسرائیل نے منگل کو غزہ کے مرکزی شہری علاقے پر طویل عرصے سے متوقع زمینی حملے کا آغاز کیا۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مملکت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ فوری مداخلت کرتے ہوئے اسرائیل کو فلسطینیوں کے قتل عام، بھوک اور جبری بے دخلی جیسے اقدامات سے باز رکھے۔
اسرائیل نے منگل کے روز اعلان کیا تھا کہ اس نے غزہ کے اہم شہری مرکز پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے زمینی کارروائی شروع کر دی ہے۔
اسرائیلی حملے کے خلاف خطے کے مختلف ممالک کی جانب سے بھی سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ قطر، جو اس وقت جنگ بندی کی کوششوں میں ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے، نے اس کارروائی کو فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی نسل کشی کی جنگ کا تسلسل قرار دیا ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے تحقیقاتی کمیشن نے اپنی رپورٹ میں اسرائیل پر غزہ میں نسل کشی کے الزامات عائد کیے ہیں۔ رپورٹ سامنے آنے پر جنیوا میں تعینات اسرائیلی سفیر ڈینیئل میرون نے اس رپورٹ کو شرمناک اور جعلی قرار دیا اور کہا کہ یہ حماس کے حامیوں نے تیار کی ہے۔

























Comments
Comments are closed.