اگست: تجارتی خسارے میں 30 فیصد اضافہ، 2 ارب 87 کروڑ ڈالر ریکارڈ
- اگست 2024 میں تجارہ خسارہ 2.20 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا
رواں مالی سال 26-2025 کے دوسرے ماہ (اگست) کے دوران سالانہ بنیادوں پر تجارتی خسارہ 30 فیصد کے بڑے اضافے سے 2 ارب 87 کروڑ ڈالر ہوگیا۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اگست 2024 میں تجارہ خسارہ 2.20 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
گزشتہ سال کے مقابلے میں تجارتی خسارہ بڑھنے کی بنیادی وجہ ملکی درآمدات میں اضافہ اور برآمدات میں کمی ہے۔
اگست 2025 کے دوران برآمدات 2.42 ارب ڈالر رہیں جو اگست 2024 میں ریکارڈ شدہ 2.76 ارب ڈالر کے مقابلے میں 12.5 فیصد کم ہیں۔
دریں اثنا، درآمدات 5.29 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران 4.96 ارب ڈالر کے مقابلے میں 6 فیصد سے زیادہ ہے۔
اگست 2025 کے دوران تجارتی خسارہ جولائی 2025 کے 3.14 ارب ڈالر کے مقابلے میں 9 فیصد کم رہا۔
رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ (جولائی ،اگست) کے دوران ملک کا تجارتی خسارہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں ریکارڈ شدہ 4.66 ارب ڈالر کے مقابلے میں 29 فیصد سے زائد بڑھ کر 6.01 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔
دو ماہ میں برآمدات معمولی اضافہ کے ساتھ 5.1 ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں ریکارڈ شدہ 5.06 ارب ڈالر کے مقابلے میں 0.6 فیصد زیادہ ہیں۔
اسی دوران درآمدات بھی 14 فیصد بڑھ کر 11.12 ارب ڈالر ہوگئی ہیں جبکہ مالی سال 25 کے پہلے دو ماہ میں یہ 9.73 ارب ڈالر تھیں۔

























Comments
Comments are closed.