پاکستان نیوی نے انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) اور جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر (جے ایم آئی سی سی) کے ساتھ مشترکہ آپریشن کے دوران پسنی کے قریب بحیرۂ عرب سے منشیات کی بھاری مقدار قبضے میں لے لی۔ یہ بات پاک بحریہ نے جمعرات کو جاری ایک بیان میں کہی ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی) کے مطابق، کارروائی کے دوران تقریباً 1,100 کلوگرام چرس، 50 کلوگرام آئس (میٹھ ایمفیٹامائن) اور 100 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی، جن کی عالمی منڈی میں مجموعی مالیت تقریباً 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر بتائی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق منشیات کو سمندری راستوں کے ذریعے بین الاقوامی منڈیوں تک اسمگل کیا جا رہا تھا۔
ضبط کی گئی منشیات کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
یہ کامیاب کارروائی پاکستان نیوی کی سمندری سرحدوں پر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے عزم کی مظہر ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ آپریشن پاکستان نیوی کی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جدوجہد کو ایک قومی فریضہ سمجھنے کے عزم کا عملی ثبوت ہے۔
پاکستان بحریہ نے سمندری سلامتی کے قیام اور سمندر میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔






















Comments
Comments are closed.