چیئرمین او جی ڈی سی ای کا منرلز انوسٹمنٹ فورم 26 کیلئے عالمی روابط اور جدید حکمت عملی پر زور
آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے چیئرمین ظفر مسعود نے اسلام آباد میں کمپنی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او احمد حیات لک اور او جی ڈی سی ایل کی ٹیم سے ملاقات کی اور انہیں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 (پی ایم آئی ایف 25) کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔
ملاقات کے دوران ظفر مسعود نے او جی ڈی سی ایل کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا جس نے دنیا کے سامنے پاکستان کی معدنی صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ منرلز انویسٹمنٹ فورم نے پاکستان کو معدنیات اور قدرتی وسائل کے ایک اُبھرتے ہوئے عالمی مرکز کے طور پر مضبوطی سے پیش کیا ہے۔
منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 کی کامیابی کو سراہتے ہوئے ظفرمسعود نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کی تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ منرلز انویسٹمنٹ فورم 25 سے حاصل ہونے والی مثبت پیش رفت کو مزید آگے بڑھایا جائے اور آئندہ فورم کو پہلے سے زیادہ مؤثر اور جامع بنایا جائے۔
او جی ڈی سی ایل کے چیئرمین نے پی ایم آئی ایف 26 کو بڑی کامیابی بنانے کے لئے ابتدائی منصوبہ بندی ، بین الاقوامی رسائی اور جدید حکمت عملی پر زور دیا۔
آئندہ سال کے فورم کی ابتدائی منصوبہ بندی کا جائزہ لیتے ہوئے چیئرمین او جی ڈی سی ایل نے زور دیا کہ پی ایم آئی ایف 26 اپنے دائرہ کار اور عملدرآمد—دونوں لحاظ سے—مزید پُرعزم اور وسیع ہونا چاہیے۔
ظفر مسعود نے پی ایم آئی ایف 26 کی تاریخ اور مقام کے بارے میں تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
او جی ڈی سی ایل کے زیر اہتمام اور اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) اور حکومتِ پاکستان کے تعاون سے منعقد ہونے والا پی ایم آئی ایف 25 پاکستان کے وسیع معدنی وسائل کو بروئے کار لانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوا ہے۔
فورم میں 5 ہزار سے زائد شرکاء نے شرکت کی اور سرکاری عہدیداروں، کان کنی کے ماہرین، سرمایہ کاروں اور ماہرین تعلیم سمیت 300 سے زائد بین الاقوامی اور مندوبین نے شرکت کی۔
Comments