پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واضح کیا ہے کہ حکومت ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (وی پی این) بلاک نہیں کرے گی۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ واضح کیا جاتا ہے کہ حکومت وی پی این بلاک کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔

بیان میں کہا گیا کہ تاہم پی ٹی اے تمام آئی ٹی کمپنیوں، سافٹ ویئر ہاؤسز، فری لانسرز اور بینکوں وغیرہ کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے کہ وہ وی پی این کے استعمال کے لیے اپنے آئی پیز رجسٹر کروائیں تاکہ کسی بھی قسم کی رکاوٹ کی صورت میں ان اداروں کی انٹرنیٹ سروسز متاثر نہ ہوں۔

حکومت پاکستان نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ اس نے ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹر اور سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کی ویب سائٹ پر ’ون ونڈو‘ آپریشن کے تحت وی پی این کی رجسٹریشن شروع کردی ہے۔

پاکستان میں وی پی این رجسٹریشن کیا ہے؟

اتھارٹی کے مطابق وی پی این رجسٹریشن ایک ”ون ونڈو آپریشن“ ہے جو پی ٹی اے اور پی ایس ای بی کی ویب سائٹوں پر دستیاب ہے جس میں 2 سے 3 دن لگتے ہیں اور یہ مفت ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آن لائن کاروبار کو یقینی بنانے کے لیے https://ipregistration.pta.gov.pk پر اپنا وی پی این رجسٹر کروائیں۔

آئی ٹی سیکٹر کے ایک ماہر نے اس سے پہلے بزنس ریکارڈر کو بتایا تھا کہ جن دنوں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروسز بند ہوتی ہیں (الیکشن کا دن، عاشورہ وغیرہ ، محرم وغیرہ) تو رجسٹرڈ وی پی این رکھنے والوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

Comments

200 حروف