پاکستان

پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ معاشی اصلاحات کے عزم کا اعادہ

  • وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات
شائع April 22, 2025

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک اسپرنگ میٹنگز 2025 کے افتتاحی روز آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ پاکستان اصلاحات کی رفتار کو جاری رکھے گا۔

پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف کی ٹیم کے درمیان 12 جولائی 2024 کو 5,320 ملین ایس ڈی آر(یا تقریباً 7 ارب امریکی ڈالر) کے برابر ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی (ای ایف ایف) پر اسٹاف لیول معاہدہ طے پایا تھا جسے بعد میں ستمبر کے آخری ہفتے میں آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے منظور کیا تھا۔

گزشتہ ماہ آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان 1.3 ارب ڈالر کے نئے معاہدے پر اتفاق ہوا اور ساتھ ہی جاری 37 ماہ کے بیل آؤٹ پروگرام کے پہلے جائزے پر بھی منظوری دی گئی۔

تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام انتہائی اہم ہے کیونکہ یہ حکومت کو معاشی اصلاحات کے لیے ایک روڈ میپ فراہم کرتا ہے اور ساتھ ہی ملک کے زرمبادلہ ذخائر کے لیے سہارا بھی بنتا ہے۔

آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کے ساتھ ملاقات میں محمد اورنگزیب نے اصلاحات کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لئے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور وزیر اعظم کی جانب سے کرسٹالینا جارجیوا کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

وزیر خزانہ کی عالمی بینک کے صدر سے ملاقات

محمد اورنگزیب نے رواں سال کے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک گروپ سے اسپرنگ میٹنگ کے دوران واشنگٹن کا اپنا دورہ شروع کیا اور اس دوران اہم سطح کے اجلاس کیے۔

انہوں نے ورلڈ بینک گروپ کے صدر اجے بنگا سے بھی ملاقات کی۔

وزیر خزانہ نے پاکستان کی تاریخی حمایت پر عالمی بینک کا شکریہ ادا کیا اور سی پی ایف (کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک) کی تیاری میں اس کی قیادت کی تعریف کی جو ایک دہائی طویل حکمت عملی کا روڈ میپ ہے اور قابل پیمائش اثرات اور نتائج پر مرکوز ہے۔

انہوں نے ورلڈ بینک کی جاری معاونت کو سراہا جس کے ذریعے سی پی ایف کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ایک جامع حکمت عملی اور عملدرآمد منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے، ساتھ ہی مجموعی کارکردگی کو بھی بہتر بنایا جارہا ہے۔وفاقی وزیر نے پاکستان کی میکرو اکنامک بحالی کا تفصیلی جائزہ بھی پیش کیا اور حکومت کے پائیدار اقتصادی استحکام کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ڈیلوئٹ کے وفد کو میکرو اکنامک آؤٹ لک سے آگاہ کیا گیا

دریں اثنا محمد اورنگ زیب نے ڈیلوئٹ کے وفد سے بھی ملاقات کی اور انہیں پاکستان کے میکرو اکنامک نقطہ نظر، حکومت کے شعبہ جاتی ترقیاتی ایجنڈے اور برآمدات پر مبنی ترقی کی ترجیحات سے آگاہ کیا۔

دونوں فریقین نے توانائی شعبے میں اصلاحات، اہم معدنیات نکالنے اور مارکیٹنگ، نجکاری، ٹیکنالوجی، کرپٹو پالیسی اور سی پی ایف کے آپریشنلائزیشن میں ممکنہ تعاون کا جائزہ لیا۔ وزیر کزانہ نے مئی 2025 ء میں ڈیلوئٹ کے مجوزہ دورہ پاکستان کا خیر مقدم کیا تاکہ تعلقات کو مزید گہرا کیا جاسکے۔

رابرٹ کیپروتھ سے ملاقات

وزیر خزانہ نے امریکی محکمہ خزانہ کے اسسٹنٹ سیکریٹری رابرٹ کیپروتھ سے بھی ملاقات کی اور انہیں پاکستان کے میکرو اکنامک اشاریوں سے آگاہ کیا۔

فنانس ڈویژن نے کہا کہ انہوں نے ٹیکس، توانائی، نجکاری، سرکاری اداروں (ایس او ایز)، پنشن اور قرضوں کے انتظام میں جاری اصلاحات پر روشنی ڈالی۔

Comments

200 حروف