گزشتہ سیشن میں ریکارڈ سطح پر پہنچنے کے بعد مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔ پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت بدھ کے روز 11,700 روپے کمی کے بعد 3,52,000 روپے تک پہنچ گئی۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن (اے پی جی جے ایس اے) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت 10 ہزار 31 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 1 ہزار 783 روپے ہوگئی۔

یاد رہے کہ منگل کو سونے کی فی تولہ قیمت ایک دن میں 5 ہزار 900 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 63 ہزار 700 روپے تک پہنچ گئی تھی۔

اے پی جی جے ایس اے کے مطابق بدھ کے روز سونے کے بین الاقوامی نرخ میں بھی کمی واقع ہوئی اور 116 ڈالر کی کمی کے بعد فی اونس سونے کی قیمت 3،338 ڈالر ہوگئی ہے۔

دوسری جانب چاندی کی فی تولہ قیمت 16 روپے اضافے سے 3 ہزار 457 روپے ہوگئی۔

بدھ کے روز سونے کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی کیونکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیڈرل ریزرو کے چیئرمین جیروم پاول کو برطرف کرنے کی دھمکی واپس لے لی اور چین کے ساتھ تجارتی معاہدے کے حوالے سے امید کا اظہار کیا۔ اس کے بعد سونے کی بطور محفوظ سرمایہ کاری کی کشش میں کمی آئی۔

اسپاٹ گولڈ کی قدر 0.7 فیصد کم ہو کر 3,357.11 امریکی ڈالر فی اونس ہوگئی ہے جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز 1.5 فیصد کمی کے ساتھ 3,366.80 ڈالر فی اونس پرآ گئے۔

اوانڈا میں ایشیا پیسیفک کے سینئر مارکیٹ تجزیہ کار کیلون وونگ نے کہا کہ امریکہ اور چین کے درمیان مذاکرات کے اشارے اور ٹرمپ کی جانب سے فیڈ چیئرمین پاول کو ہٹانے کی دھمکی واپس لینے نے سونے کی قیمت میں فروخت کو اس حد تک بڑھا دیا کہ قلیل مدتی تناظر میں فروخت انتہائی حدتک پہنچ گئی ہے۔

منگل کے روز صدر ٹرمپ نے چیئرمین پاول کو برطرف کرنے کی دھمکی واپس لے لی—جو کئی دنوں سے شرحِ سود کم نہ کرنے پر فیڈرل ریزرو کے سربراہ پر تنقید کرتے آ رہے تھے—جس کے بعد امریکی اسٹاک مارکیٹ اور ڈالر میں بہتری دیکھنے میں آرہی ہے۔

Comments

200 حروف