جی ایس پی پلس اسکیم، پرتگال کی پاکستان کیلئے ترجیحی تجارتی رسائی جاری رکھنے کی حمایت
- یہ یقین دہانی پرتگال کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور پاؤلو رانجل کے دورہ پاکستان کے دوران کرائی گئی
پرتگال نے پیر کو یورپی یونین (ای یو) کی جی ایس پی پلس اسکیم کے تحت پاکستان کو ترجیحی تجارتی رسائی جاری رکھنے کی حمایت کا اعادہ کیا، جبکہ دونوں ممالک نے تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے پر اتفاق کیا۔
یہ یقین دہانی پرتگال کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور پاؤلو رانجل کے دورہ پاکستان کے دوران کرائی گئی، جنہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقاتیں کیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پرتگالی وزیر سے گفتگو میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے علاقائی مکالمے کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کرنے اور جی ایس پی پلس اسکیم کے تحت اسلام آباد کی حمایت جاری رکھنے پر پرتگال کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل، سیاحت، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں تعاون آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ وزارتی کمیشن کے قیام پر پرتگال کے اتفاق کا خیرمقدم کیا۔
دورے کے موقع پر پاکستان پرتگال بزنس فورم بھی منعقد ہوا، جس میں تقریباً 20 پرتگالی کمپنیوں نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے ان کمپنیوں کو پاکستان میں قابل تجدید توانائی، زراعت، خوراک کی پراسیسنگ، ٹیکسٹائل، آئی ٹی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔
اسحاق ڈار سے ملاقات میں پرتگالی وزیر نے یورپی یونین کے نئے جی ایس پی پلس فریم ورک کے تحت پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ دونوں ممالک نے تجارت کو موجودہ صلاحیت سے کم قرار دیتے ہوئے تجارتی اور اقتصادی تعاون پر مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا، جو تجارتی رکاوٹوں کی نشاندہی اور دوطرفہ تجارت بڑھانے کے اقدامات تجویز کرے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ جی ایس پی پلس پاکستان کی برآمدات، روزگار اور پائیدار ترقی کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے پرتگالی کاروباری اداروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) منصوبوں میں معاونت فراہم کر سکتی ہے۔
دونوں فریقوں نے زراعت، خصوصاً زیتون کی کاشت، پراسیسنگ اور ٹیکنالوجی کی منتقلی میں تعاون پر بھی گفتگو کی۔ اسحاق ڈار نے زرعی تعاون کی مفاہمتی یادداشت جلد مکمل کرنے اور مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کی تجویز دی۔
ملاقات میں پاکستانی کارکنوں کے لیے پرتگال میں روزگار کے مواقع، ٹیکسٹائل صنعتوں کے روابط، تعلیم، سیاحت اور ثقافتی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پرتگالی وزیر نے تعمیرات، مہمان نوازی، صحت اور آئی ٹی کے شعبوں میں ہنرمند پاکستانی کارکنوں کی طلب کا ذکر کیا۔
سفارتی محاذ پر دونوں ممالک نے سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا شرائط ختم کرنے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ سرمایہ کاری کے تحفظ کے معاہدے اور دوہرے ٹیکس سے متعلق کنونشن میں ترامیم پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026




















Comments