انٹرلوپ کا ڈیری پروسیسنگ پلانٹ میں 5 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ
- کمپنی پیداوار کا ایک حصہ برآمد کرکے پاکستان کی ویلیو ایڈڈ برآمدات میں بھی اضافہ کرے گی
فیصل آباد میں قائم سرمایہ کاری اور متنوع کاروباری سرگرمیوں کی حامل نمایاں کمپنی انٹرلوپ ہولڈنگز نے ترکیہ کی کمپنی ریلا گِدا کے اشتراک سے پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ڈیری پراسیسنگ پلانٹ لگانے کے لیے 5 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا ہے۔
کمپنی کے چیئرمین نے جمعرات کو بتایا کہ اس اقدام کا مقصد ویلیو ایڈڈ پیداوار میں اضافہ اور برآمدات کو فروغ دینا ہے۔مصادق ذوالقرنین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ تقریباً 15 ارب روپے کے مساوی یہ سرمایہ کاری آئی ایل فوڈز لمیٹڈ کے ذریعے کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ اس پلانٹ میں مختلف اقسام کی پنیر اور مکھن تیار کیے جائیں گے، جبکہ وہے پروٹین کنسنٹریٹ بھی بنایا جائے گا، جو پروٹین سے بھرپور ایک قیمتی مصنوعات ہے۔
کمپنی پیداوار کا ایک حصہ برآمد کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے، جس سے پاکستان کی ویلیو ایڈڈ برآمدات میں اضافہ ہوگا۔
چیئرمین نے کہا کہ اس نئے پلانٹ کے فعال ہونے کے بعد کمپنی کی مجموعی سالانہ دودھ پراسیسنگ کی صلاحیت بڑھ کر 18 کروڑ لیٹر ہوجائے گی۔
ان کے مطابق یہ سرمایہ کاری ویلیو ایڈیشن، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ، درآمدات کے متبادل مقامی پیداوار اور پاکستان کی ڈیری انڈسٹری کی ترقی کے لیے کمپنی کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
انٹرلوپ لمیٹڈ کے چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) حمزہ گیلانی نے بزنس ریکارڈر سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ منصوبے میں تقریباً ڈیڑھ سال میں تجارتی بنیادوں پر پیداوار شروع ہوجائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ سرمایہ کاری آئی ایل فوڈز لمیٹڈ کے ذریعے کی جارہی ہے، جو انٹرلوپ کی نئی قائم کردہ کمپنی ہے۔

























Comments