BR100 Increased By (0.13%)
BR30 Increased By (0.41%)
KSE100 Increased By (0.07%)
KSE30 Increased By (0.09%)
BAFL 56.87 Increased By ▲ 0.11 (0.19%)
BIPL 24.76 Increased By ▲ 0.05 (0.2%)
BOP 29.80 Increased By ▲ 0.08 (0.27%)
CNERGY 12.73 Decreased By ▼ -0.20 (-1.55%)
DFML 16.97 Increased By ▲ 0.06 (0.35%)
DGKC 186.25 Decreased By ▼ -0.72 (-0.39%)
FABL 93.38 Decreased By ▼ -0.15 (-0.16%)
FCCL 52.16 Increased By ▲ 0.31 (0.6%)
FFL 14.00 Increased By ▲ 0.01 (0.07%)
GGL 19.73 Increased By ▲ 0.47 (2.44%)
HBL 302.02 Decreased By ▼ -0.81 (-0.27%)
HUBC 200.49 Decreased By ▼ -0.84 (-0.42%)
HUMNL 9.32 Increased By ▲ 0.05 (0.54%)
KEL 6.04 Increased By ▲ 0.45 (8.05%)
LOTCHEM 25.59 Decreased By ▼ -0.13 (-0.51%)
MLCF 90.90 Decreased By ▼ -0.39 (-0.43%)
OGDC 315.91 Decreased By ▼ -1.14 (-0.36%)
PAEL 34.06 Increased By ▲ 0.08 (0.24%)
PIBTL 13.51 Decreased By ▼ -0.06 (-0.44%)
PIOC 236.45 Decreased By ▼ -0.19 (-0.08%)
PPL 220.29 Decreased By ▼ -0.83 (-0.38%)
PRL 94.32 Decreased By ▼ -0.06 (-0.06%)
SNGP 90.99 Increased By ▲ 0.30 (0.33%)
SSGC 23.17 Increased By ▲ 0.10 (0.43%)
TELE 7.28 Increased By ▲ 0.04 (0.55%)
TPLP 11.90 Increased By ▲ 0.16 (1.36%)
TRG 56.49 Increased By ▲ 1.15 (2.08%)
UNITY 7.72 Decreased By ▼ -0.03 (-0.39%)
WTL 1.00 No Change ▼ 0.00 (0%)
رائے

غذائی سپلائی چینز میں تبدیلی

  • غذائی سپلائی چینز کی جدیدیت اب محض نقل و حمل (لوجسٹکس) کو بہتر بنانے کا معاملہ نہیں رہی، بلکہ یہ کاروباری مقابلے کی صلاحیت اور برتری کا سوال بنتی جا رہی ہے
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان کی غذائی معیشت تبدیل ہو رہی ہے، لیکن اس کی سپلائی چینز وقت کے ساتھ قدم ملانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں۔ صارفین زیادہ سہولت، تسلسل، تحفظ اور معیار کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ غذائی کاروبار قابلِ اعتماد ترسیل اور قابلِ پیشگوئی قیمتوں کی تلاش میں ہیں۔ برآمدی منڈیاں سخت ترین معیار نافذ کر رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پیدا کنندگان کو پیداواری لاگت میں اضافے، موسم سے متعلق غیر یقینی صورتحال اور دن بہ دن پیچیدہ ہوتی منڈیوں کا سامنا ہے۔

اس تناظر میں غذائی سپلائی چینز کی جدیدیت اب محض نقل و حمل (لوجسٹکس) کو بہتر بنانے کا معاملہ نہیں رہی، بلکہ یہ کاروباری مقابلے کی صلاحیت اور برتری کا سوال بنتی جا رہی ہے۔

ایک غذائی سپلائی چین صرف کھیتوں اور صارفین کو ہی نہیں جوڑتی، بلکہ یہ زرعی مداخل فراہم کرنے والوں، پیدا کنندگان، جمع کرنے والوں (ایگریگیٹرز)، ٹرانسپورٹرز، گوداموں، پروسیسرز، تقسیم کاروں (ڈسٹریبیوٹرز)، خوردہ فروشوں اور مالیاتی اداروں کو بھی آپس میں منسلک کرتی ہے۔ جب یہ تمام فریقین ایک دوسرے سے آزادانہ طور پر کام کرتے ہیں تو ہر مرحلے پر معلومات کا فقدان اور لین دین کی لاگت جمع ہوتی چلی جاتی ہے۔

اس کا نتیجہ ایک ایسی منڈی کی صورت میں نکلتا ہے جہاں زرعی اجناس اپنی آخری منزل تک پہنچنے سے پہلے کئی بار ہاتھوں ہاتھ بکتی ہیں، جبکہ معیار، مانگ اور قیمتوں سے متعلق معلومات کہیں زیادہ سست روی سے آگے بڑھتی ہیں۔

یہ صورتحال اصلاحات کے لیے ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے۔پہلی ترجیح سپلائی چینز کو زیادہ مربوط اور تجارتی طور پر ہم آہنگ بنانا ہونی چاہیے۔ کسانوں کو اس بات کے واضح اشارے چاہیے کہ منڈیاں کیا چاہتی ہیں، کاروباروں کو خرید و فروخت (پروکیورمنٹ) میں زیادہ پیشگوئی کی قابلیت درکار ہے اور صارفین کو یکساں معیار کی ضرورت ہے۔ بہتر ہم آہنگی اس عمل میں شامل ہر فرد کے لیے غیر یقینی صورتحال کو کم کر سکتی ہے۔

اس میں مال کی جمع آوری (ایگریگیشن) ایک اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

پاکستان کا بکھرا ہوا اور چھوٹے فارمز پر مشتمل زرعی ڈھانچہ انفرادی پیدا کنندگان کے لیے بڑے خریداروں کو مسلسل مال فراہم کرنا مشکل بناتا ہے۔ پیدا کنندگان کے گروپس، جمع آوری کے مراکز (کلیکشن سینٹرز) اور پیشہ ور ایگریگیٹرز پیداوار کو ایک جگہ جمع کر سکتے ہیں، معیار کو یکساں بنا سکتے ہیں اور ہزاروں چھوٹے سپلائرز سے نمٹنے کی لاگت کو کم کر سکتے ہیں۔

یہ امر بالخصوص سپر مارکیٹوں، پروسیسرز اور برآمد کنندگان کے لیے انتہائی اہم ہے جنہیں باقاعدہ مقدار اور یکساں خصوصیات کی ضرورت ہوتی ہے۔

اگلا موقع محض اجناس کی تجارت سے آگے بڑھ کر سپلائی چین پر مبنی زرعی کاروبار (ایگری بزنس) کی طرف منتقل ہونے میں مضمر ہے۔

فصلیں یا زرعی مصنوعات صرف دستیاب ہونے پر خریدنے کے بجائے، کاروبار پیدا کنندگان کے ساتھ منظم اور باضابطہ خرید و فروخت کے معاہدے تیار کر سکتے ہیں۔ اس طرح کے انتظامات میں معیار کی متفقہ خصوصیات، پیداواری رہنمائی، مال جمع کرنے کا جدول اور ادائیگی کے طریقہ کار شامل ہو سکتے ہیں۔

اس سے پیداوار اور طلب کے درمیان زیادہ متوقع اور مستحکم تعلق قائم کیا جاسکتا ہے۔پروسیسرز کے لیے اس طرح کا انضمام پیداواری صلاحیت کے بہتر استعمال اور خریداری سے متعلق غیر یقینی صورتحال میں کمی کا باعث بن سکتا ہے۔

کسانوں کو مارکیٹ کے واضح مواقع میسر آسکتے ہیں جبکہ ریٹیلرز کے لیے مصنوعات کی معیار اور دستیابی میں تسلسل بہتر ہوسکتا ہے۔ مجموعی معیشت بھی اس وقت فائدہ اٹھاتی ہے جب لین دین زیادہ منظم اور شفاف ہوجائے۔

کولڈ چین کی ترقی بھی ایک اہم تجارتی موقع ہے۔

جلد خراب ہونے والی غذائی اشیا کو پائیدار اجناس کی طرح نہیں رکھا جاسکتا۔ پھل، سبزیاں، دودھ، گوشت اور دیگر درجہ حرارت سے حساس مصنوعات کو پیداوار کے مقام سے فروخت کے مقام تک خصوصی انتظامات کی ضرورت ہوتی ہے۔

اس لیے پری کولنگ، ریفریجریٹڈ ٹرانسپورٹ، درجہ حرارت پر قابو رکھنے والے گوداموں اور جدید ڈسٹری بیوشن سینٹرز میں سرمایہ کاری پاکستان کے غذائی کاروبار کے بنیادی ڈھانچے کا اہم حصہ بن سکتی ہے۔

لیکن کولڈ چین کو محض ذخیرہ کرنے کی سہولت نہیں سمجھنا چاہیے۔ یہ پیکیجنگ، انوینٹری مینجمنٹ، نقل و حمل اور مارکیٹ شیڈولنگ پر مشتمل وسیع لاجسٹکس نظام کا حصہ ہے۔

یہاں نجی شعبے کی سرمایہ کاری خاص اہمیت اختیار کرجاتی ہے۔ حکومت بنیادی ڈھانچے، معیارات اور سازگار ریگولیٹری ماحول کی فراہمی میں کردار ادا کرسکتی ہے، لیکن پاکستان بھر میں مطلوبہ جدید یت صرف سرکاری اخراجات سے ممکن نہیں۔ بینکوں، لاجسٹکس کمپنیوں، فوڈ پروسیسرز، ریٹیلرز، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

پالیسی سازوں کے لیے چیلنج یہ ہے کہ ایسی سرمایہ کاری کو تجارتی طور پر قابلِ عمل بنایا جائے۔اس عمل میں مالی سہولیات تک رسائی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ جدید گوداموں، پروسیسنگ یونٹس، ریفریجریٹڈ گاڑیوں، چھانٹی کی سہولیات اور ڈیجیٹل نظام کے لیے سرمایہ درکار ہوتا ہے۔

چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کو اکثر ایسی سرمایہ کاری کے لیے مالی معاونت حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے، کیونکہ روایتی قرضہ زرعی کاروبار کی ضروریات کو ہمیشہ مدنظر نہیں رکھتا۔

سپلائی چین فنانسنگ اس مسئلے کا جزوی حل فراہم کرسکتی ہے

خریداری کے آرڈرز، گودام میں موجود اسٹاک، تصدیق شدہ خریداروں یا مستحکم کاروباری تعلقات سے منسلک فنانسنگ کاروباری اداروں کو ورکنگ کیپیٹل کی کمی پر قابو پانے میں مدد دے سکتی ہے۔ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام لین دین کی رفتار اور شفافیت کو مزید بہتر بنا سکتے ہیں۔

ڈیٹا بھی مستقبل میں یکساں اہمیت اختیار کرے گا

جدید غذائی کاروبار صرف ماضی کے مارکیٹ رجحانات پر انحصار نہیں کرسکتے۔ طلب کی پیش گوئی، انوینٹری ڈیٹا، قیمتوں کی معلومات اور صارفین کی خریداری کے رجحانات کاروباری اداروں کو یہ فیصلہ کرنے میں مدد دے سکتے ہیں کہ کیا خریدنا ہے، کہاں ذخیرہ کرنا ہے اور کب مارکیٹ میں پہنچانا ہے۔

ڈیجیٹل ٹریس ایبلٹی بھی تجارتی اعتبار سے اہم ثابت ہوسکتی ہے، بالخصوص اعلیٰ معیار کی ملکی مارکیٹ اور برآمدات کے لیے۔ برآمد کنندگان کے لیے یہ معاملہ تیزی سے زیادہ اہمیت اختیار کرتا جارہا ہے۔

بین الاقوامی خریدار صرف زرعی اجناس نہیں خریدتے بلکہ قابلِ اعتماد سپلائی چاہتے ہیں۔ وہ ایسی مصنوعات چاہتے ہیں جو مقررہ معیار پر پورا اتریں، بروقت پہنچیں، جن کا سراغ لگایا جاسکے اور جو ایک کھیپ سے دوسری کھیپ تک معیار میں یکساں رہیں۔

لہٰذا پاکستان کی برآمدی خواہشات کا انحصار کسی حد تک ایسی سپلائی چینز کی تشکیل پر ہے جو اس قابلِ اعتماد نظام کو یقینی بنا سکیں۔

ویلیو ایڈیشن کو بھی اسی تناظر میں دیکھنا چاہیے۔ زرعی اجناس کو تقریباً اسی حالت میں مارکیٹ تک پہنچانے کے بجائے کاروباری ادارے پروسیسنگ، پیکیجنگ، برانڈنگ اور مصنوعات میں جدت کے ذریعے اضافی قدر پیدا کرسکتے ہیں۔

اس سے خام اجناس کی فروخت پر انحصار کم کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی اور برآمدی منڈیوں کے نئے مواقع بھی پیدا ہوسکتے ہیں۔

تاہم جدت کا مطلب یہ نہیں ہونا چاہیے کہ روایتی مارکیٹ کے تمام کرداروں کو بلاامتیاز ختم کردیا جائے۔ تاجر، کمیشن ایجنٹس، ٹرانسپورٹرز اور دیگر درمیانی کردار، خصوصاً جہاں رسمی بنیادی ڈھانچہ محدود ہے، اہم خدمات انجام دیتے ہیں۔ مقصد انہیں ختم کرنا نہیں بلکہ ان تعلقات کو زیادہ مؤثر، شفاف اور نتیجہ خیز بنانا ہونا چاہیے۔

مستقبل کی سپلائی چین ممکنہ طور پر فزیکل نیٹ ورکس اور ڈیجیٹل رابطہ کاری کا امتزاج ہوگی۔ ٹیکنالوجی خریداروں اور فروخت کنندگان کو آپس میں جوڑ سکتی ہے جبکہ لاجسٹکس کا بنیادی ڈھانچہ مصنوعات کی ترسیل یقینی بنائے گا۔ مالیاتی نظام لین دین میں سہولت فراہم کریں گے جبکہ معیارات کاروباری اعتماد پیدا کریں گے۔ ڈیٹا بہتر فیصلوں میں مدد دے گا، جبکہ معاہدے اور مضبوط ادارے غیر یقینی صورتحال کم کرسکتے ہیں۔

موسمیاتی خطرات اس معاملے میں ایک اور پہلو کا اضافہ کرتے ہیں۔کاروباری اداروں کے لیے موسمیاتی تبدیلی تیزی سے سپلائی چین کا خطرہ بنتی جارہی ہے۔ سیلاب نقل و حمل میں رکاوٹ ڈال سکتے ہیں، شدید گرمی ذخیرہ کرنے کے عمل اور مصنوعات کے معیار کو متاثر کرسکتی ہے جبکہ پانی کی قلت پیداوار کے طریقوں میں تبدیلی کا باعث بن سکتی ہے۔ جو کمپنیاں سپلائی کے ذرائع متنوع بنائیں گی، رسک مینجمنٹ میں سرمایہ کاری کریں گی اور لاجسٹکس میں لچک پیدا کریں گی، وہ ایسے خلل سے بہتر طور پر نمٹ سکیں گی۔

اس لیے لچکدار سپلائی چین صرف ماحولیاتی نہیں بلکہ کاروباری معاملہ بھی ہے۔پاکستان کو اب غذائی سپلائی چین کو جدید بنانے کے لیے مربوط قومی حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ اس حکمت عملی کے تحت لاجسٹکس اور ذخیرہ کرنے کے شعبے میں سرمایہ کاری، معیار کے بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی، سپلائی چین فنانسنگ میں سہولت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال اور پروڈیوسرز و مارکیٹوں کے درمیان بہتر رابطے کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔

ضابطہ کاری بھی مسابقت اور جدت کو فروغ دینے والی ہونی چاہیے، نہ کہ غیر ضروری لین دین کے اخراجات میں اضافے کا سبب بنے۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ سپلائی چین اصلاحات کے نتائج کو معاشی بنیادوں پر جانچا جائے، جن میں نقصانات میں کمی، لین دین کے اخراجات میں کمی، معیار میں بہتری، مارکیٹ تک بہتر رسائی، پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور زیادہ ویلیو ایڈیشن شامل ہیں۔

پاکستان کے پاس پہلے ہی ایک مضبوط زرعی بنیاد موجود ہے۔ اگلا مرحلہ اس کے گرد تجارتی بنیادی ڈھانچہ تشکیل دینا ہے۔

موقع صرف یہ نہیں کہ خوراک کو کھیتوں سے منڈیوں تک تیزی سے پہنچایا جائے، بلکہ ایسی سپلائی چینز تشکیل دی جائیں جو زیادہ ذہین، مربوط، سرمایہ کاری کے لیے سازگار اور مسابقتی ہوں۔ پاکستان کی غذائی معیشت کا مستقبل صرف اس بات پر منحصر نہیں ہوگا کہ کسان کیا پیدا کرتے ہیں بلکہ اس پر بھی کہ کاروباری ادارے اور متعلقہ ادارے اس کے بعد کے تمام مراحل کو کتنے مؤثر انداز میں منظم کرتے ہیں۔

کاپی رائٹ : بزنس ریکارڈر 2026

Comments

200 حروف