گورنر سندھ کا ساحلی و سمندری وسائل کے پائیدار استعمال پر زور
- نہال ہاشمی سے صوبائی وزیر برائے لائیو اسٹاک و فشریز محمد علی ملکانی کی ملاقات
گورنرسندھ سید محمد نہال ہاشمی نے صوبے کے ساحلی اور سمندری وسائل کے پائیدار استعمال کے فروغ کے لیے حکومت، نجی شعبے اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مزید مؤثر رابطہ کاری پر زور دیا ہے۔
انہوں نے یہ بات گورنر ہاؤس میں صوبائی وزیر برائے لائیو اسٹاک و فشریز محمد علی ملکانی سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں ماہی گیری کے شعبے کی ترقی، بلیو اکانومی، ساحلی سیاحت اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سمیت مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
نہال ہاشمی نے کہا کہ سندھ کی وسیع ساحلی پٹی اور سمندری وسائل ماہی گیری، بحری تجارت، سیاحت اور دیگر معاشی سرگرمیوں کے لیے نمایاں مواقع فراہم کرتے ہیں، بالخصوص جدید ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے ان مواقع سے بھرپور استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں کو وسعت دینے کی کوششوں کے ساتھ ساتھ سمندری وسائل کا ذمہ دارانہ انتظام بھی ضروری ہے۔ ساحلی شعبوں کی ترقی سے مقامی آبادی کے لیے روزگار اور کاروباری مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
گورنر نے کہا کہ حکومت ماہی گیری کے شعبے سے وابستہ افراد اور کاروباری برادری کے لیے سہولتوں، بنیادی ڈھانچے اور جدید طریقۂ کار کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
ملاقات میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ساحلی علاقوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ قدرتی وسائل کے پائیدار استعمال کو متاثر کیے بغیر آبی کھیلوں اور ساحلی سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
محمد علی ملکانی نے گورنر کو ماہی گیری کے شعبے میں جاری اقدامات اور آئندہ کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ سمندری وسائل کے تحفظ، ماہی گیری کے شعبے کی ترقی، ساحلی علاقوں میں سرمایہ کاری اور بلیو اکانومی کے فروغ سے متعلق تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
























Comments