چیئرمین ایس ای سی پی کا انشورنس شعبے میں ڈیجیٹل تبدیلی کی اہمیت پر زور
- انشورڈ پاکستان ڈیجیٹل پلیٹ فارم قائم کرنے کا اعلان، عوام کی انشورنس مصنوعات تک رسائی بہتر ہوگی، ڈاکٹر سدھو
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا ہے کہ انشورنس کی کوریج کو وسعت دینے، کلیمز کی ادائیگی کے عمل کو بہتر بنانے اور عوام کو سستے انشورنس مصنوعات تک رسائی فراہم کرنے کے لیے ڈیجیٹل تبدیلی ناگزیر ہے۔
پاکستان کی انشورنس مارکیٹ کی ترقی اور ڈیجیٹلائزیشن کے موضوع پر ایس ای سی پی ٹاک سیریز کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سدھو نے کہا کہ انشورنس صنعت کے اثاثوں کا حجم تقریباً 4 کھرب روپے اور سالانہ پریمیم 708 ارب روپے ہے تاہم جی ڈی پی میں انشورنس کی رسائی کی شرح اب بھی صرف 0.7 فیصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت انشورنس پریمیم کا صرف 0.85 فیصد ڈیجیٹل ذرائع سے حاصل ہوتا ہے جو اس شعبے کو درپیش چیلنج کے حجم کے ساتھ ساتھ صنعت کے لیے دستیاب وسیع مواقع کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
اجلاس میں ایس ای سی پی کے سینئر حکام اور انشورنس صنعت کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
ڈاکٹر سدھو نے کہا کہ ایس ای سی پی جدید، سستی اور صارف دوست ڈیجیٹل انشورنس مصنوعات کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ انشورنس مصنوعات اور معلومات تک عوام کی رسائی بہتر بنانے کے لیے انشورڈ پاکستان کے نام سے ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم قائم کیا جائے گا۔
























Comments