شرحِ سود بڑھنے کا خدشہ، سونے کی قیمتیں گرگئیں
- اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.3 فیصد کمی کے بعد 4,334.31 ڈالر فی اونس ہو گئی
سونے کی قیمتوں میں پیر کو کمی ریکارڈ کی گئی کیونکہ تیل کی قیمتوں میں اضافے سے افراطِ زر کے خدشات بڑھ گئے جس کے نتیجے میں یہ توقعات مزید مضبوط ہوئیں کہ امریکی فیڈرل ریزرو رواں ہفتے ہونے والے پالیسی اجلاس میں شرحِ سود میں اضافہ کرسکتا ہے۔
اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.3 فیصد کمی کے بعد 4,334.31 ڈالر فی اونس ہو گئی جبکہ جمعہ کو اس میں مسلسل تیسرے ہفتے بھی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت 0.8 فیصد گر کر 4,375.00 ڈالر ہو گئی۔
کے سی ایم ٹریڈ کے چیف مارکیٹ تجزیہ کار ٹم واٹرر نے کہا ہے کہ سونے کو موجودہ حالات اپنے حق میں نظر نہیں آرہے۔ توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور فیڈرل ریزرو اور بینک آف جاپان کے اجلاسوں سے قبل شرحِ سود میں اضافے کی بڑھتی ہوئی توقعات سونے کے لیے واضح طور پر منفی اثر ڈال رہی ہیں۔
اس دوران قیمتوں میں آنے والی کمی پر اب بھی خریدار سامنے آنے چاہییں کیونکہ جغرافیائی سیاسی صورتحال اور شرحِ سود سے متعلق پالیسی میں مسلسل تبدیلیوں کے پیشِ نظر سونا غیر یقینی صورتحال سے بچاؤ کے لیے ایک ذریعہ ہے۔
اس توقع کو تقویت ملنے کے بعد کہ فیڈرل ریزرو شرحِ سود میں اضافہ کرے گا، گزشتہ ہفتے جاری ہونے والے اعدادوشمار سے ظاہر ہوا کہ اگست کے دوران امریکا میں صارفین کی قیمتوں میں تیزی آئی جب کہ بنیادی افراطِ زر کے ایک اہم پیمانے میں چار ماہ کے دوران سب سے بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سی ایم ای فیڈ واچ ٹول کے مطابق ٹریڈرز مرکزی بینک کے منگل اور بدھ کو ہونے والے پالیسی اجلاس میں امریکی شرحِ سود میں اضافے کے تقریباً 86.5 فیصد امکان کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی پوزیشنیں طے کررہے ہیں جبکہ گزشتہ ہفتے افراطِ زر کے اعداد و شمار جاری ہونے سے پہلے یہ امکان تقریباً 67 فیصد تھا۔
اگرچہ سونے کو عموماً افراطِ زر کے خلاف تحفظ سمجھا جاتا ہے لیکن بلند شرحِ سود منافع نہ دینے والے سونے کی کشش کو کم کردیتی ہے۔
پیر کو تیل کی قیمتوں میں 2 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا، جب سعودی عرب پر حوثیوں کے تازہ حملوں اور خلیج میں بحری جہازوں پر ایرانی حملوں نے سعودی عرب کی ایک اہم تیل پائپ لائن کی بندش کے بعد پیدا ہونے والے رسد کے خدشات کو مزید بڑھا دیا۔ ایران اور دیگر خلیجی ممالک کے درمیان ہونے والی ایک ملاقات ملتوی کیے جانے کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں سفارتی کوششیں بھی تعطل کا شکار ہوتی دکھائی دیں۔
دیگر دھاتوں میں اسپاٹ سلور کی قیمت 0.7 فیصد کمی کے بعد 64.02 ڈالر فی اونس رہی، پلاٹینم 1,796.90 ڈالر فی اونس پر تقریباً مستحکم رہا جبکہ پلیڈیم کی قیمت میں معمولی تبدیلی کے ساتھ یہ 1,298.80 ڈالر فی اونس رہی۔
























Comments