ٹیسلا یکم اکتوبر کو طویل عرصے سے تاخیر کا شکار روڈسٹر کی رونمائی کرے گی، ایلون مسک
- دی انفارمیشن نے اگست میں رپورٹ کیا تھا کہ ٹیسلا اسی ماہ کے اوائل میں نئے ڈیزائن کے روڈسٹر کی رونمائی کا منصوبہ رکھتی ہے۔
ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایلون مسک نے ہفتے کو کہا ہے کہ الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی اپنی طویل عرصے سے تاخیر کا شکار روڈسٹر گاڑی یکم اکتوبر کو متعارف کرائے گی، جو کمپنی کی جانب سے اپنی اصل اسپورٹس کار کے اگلی نسل کے ماڈل کی پہلی رونمائی کے تقریباً ایک دہائی بعد ہوگا۔
سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس، جو خود ایلون مسک کی ملکیت بھی ہے، پر ٹیسلا کے اکاؤنٹ نے تاریخ ظاہر کرنے والے ایک گرافک کے ساتھ گو فار لانچ پوسٹ کیا۔ بعد ازاں مسک نے اس پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا، نیو ٹیسلا روڈسٹر ان ویئل 10.01۔
دی انفارمیشن نے اگست میں رپورٹ کیا تھا کہ ٹیسلا اسی ماہ کے اوائل میں نئے ڈیزائن کے روڈسٹر کی رونمائی کا منصوبہ رکھتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق رونمائی کی تقریب میں اسپیس ایکس کے اشتراک سے تیار کیے گئے کولڈ گیس تھرسٹرز سے لیس محدود تعداد میں تیار کیے جانے والے ماڈل کا مظاہرہ بھی شامل ہوسکتا ہے۔
دی انفارمیشن کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ یہ مظاہرہ ٹیکساس کے شہر میک گریگر میں اسپیس ایکس کی آزمائشی تنصیب پر متوقع ہے۔
ٹیسلا نے اگلی نسل کے روڈسٹر کو پہلی بار 2017 میں متعارف کرایا تھا اور کہا تھا کہ اس کی ترسیل 2020 میں شروع ہوجائے گی، تاہم اس منصوبے کو بار بار تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ٹیسلا نے گزشتہ ہفتے ٹیکساس کے شہر آسٹن کے محدود علاقوں میں اپنی دو نشستوں والی سائبر کیب میں سواریوں کی پیشکش شروع کی ہے، جس میں اسٹیئرنگ وہیل اور پیڈلز موجود نہیں ہیں۔
مسک نے اس گاڑی کو ٹیسلا کو بغیر ڈرائیور گاڑیوں کے شعبے میں ایک غالب قوت میں تبدیل کرنے کے لیے مرکزی حیثیت کا حامل قرار دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق روڈسٹر پروگرام ایک روایتی اعلیٰ کارکردگی والی برقی گاڑی سے تبدیل ہوکر مکمل طور پر نئی کاربن فائبر ہائپر کار کی شکل اختیار کرگیا ہے، کیونکہ ٹیسلا نے ماڈل ایس پلائڈ کے پرزوں پر مبنی متبادل طریقہ کار ترک کردیا تھا۔























Comments