فٹنس بحال کرنے والے بمراہ کو میچ پریکٹس درکار ہے، بھارتی کپتان ایئر
- بھارت کے اسٹار فاسٹ بولر نے جمعہ کو ٹریننگ میں بھرپور رفتار سے بولنگ کی اور پہلے میچ میں پلیئنگ الیون کا حصہ بننے کے لیے تیار نظر آ رہے ہیں
بھارتی ٹی ٹوئنٹی کپتان شریئس ایئر نے ہفتے کو کہا ہے کہ انجری سے واپسی کے بعد جسپریت بمراہ کو اعتماد بحال کرنے کے لیے افغانستان کے خلاف تین میچز میں کھیلنے کا موقع ملنا ضروری ہے۔
نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں اتوار سے شروع ہونے والی افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے بمراہ کو بھارتی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، تاہم انہیں میچ کھیلنے سے قبل فٹنس کلیئرنس درکار تھی۔
فاسٹ بولنگ کے قائد نے جمعہ کو ٹریننگ میں بھرپور رفتار سے بولنگ کی اور پہلے میچ میں پلیئنگ الیون کا حصہ بننے کے لیے تیار نظر آ رہے ہیں۔
ایئر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’انہوں نے گزشتہ کئی برسوں کے دوران بہت زیادہ کرکٹ کھیلی ہے۔ وہ بے حد تجربہ کار ہیں، لیکن دن کے اختتام پر اگر آپ مجھ سے ایک ایسے کھلاڑی کی حیثیت سے پوچھیں جو انجری سے واپسی کر رہا ہو تو میں کسی مخصوص ٹورنامنٹ سے قبل زیادہ میچ پریکٹس اور زیادہ اعتماد حاصل کرنا چاہوں گا۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’میں نے گزشتہ روز ان سے بات کی تھی اور وہ اس ذہنیت کے ساتھ ہیں کہ ٹیم میں آکر کارکردگی دکھائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہم چیمپئن شپ جیتیں۔‘‘
32 سالہ بمراہ 16 جولائی کو کارڈف میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے ون ڈے کے بعد سے انجری کے باعث بولنگ نہیں کر سکے ہیں۔
بمراہ کی واپسی کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے، جبکہ افغانستان کے کپتان ابراہیم زدران نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم اس فاسٹ بولر کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے۔
زدران نے کہا، ’’وہ بہترین بولرز میں سے ایک ہیں، وہ میرے پسندیدہ فاسٹ بولر ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’ہم بحیثیت ٹیم اپنے لیے معاملات کو کبھی پیچیدہ نہیں بناتے۔ ہمارے پاس ان کے لیے ایک بہت اچھا منصوبہ ہے۔ امید ہے کہ ہم جسپریت بمراہ اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے خلاف بہتر کرکٹ کھیل سکیں گے۔‘‘
افغانستان، جو طویل عرصے سے بھارت اور متحدہ عرب امارات کو اپنی ہوم سیریز کے لیے استعمال کرتا رہا ہے، اس سیریز میں باضابطہ طور پر میزبان ہوگا۔
بھارت کو ٹاپ آرڈر کے انتخاب کے حوالے سے مشکل فیصلہ کرنا ہوگا۔ ایئر نے اعتراف کیا کہ سنجو سیمسن، ابھیشیک شرما اور نوعمر سنسنی خیز بلے باز وائبھو سوریہ ونشی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ’’مشکل فیصلہ‘‘ ہوگا۔
ایئر نے کہا، ’’سب سے پہلے تو ان تینوں کا ٹیم میں ہونا ہی ایک خوش آئند صورت حال ہے اور تینوں اپنے اپنے شعبوں میں بے مثال ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’یہ واقعی سخت فیصلہ ہوگا کیونکہ تینوں مسلسل عمدہ کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ تاہم جسے بھی موقع ملے گا، یقیناً یہ ٹیم کے مفاد میں ہوگا۔‘‘
























Comments