کرم میں انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی، افغان شہری سمیت 4 دہشت گرد ہلاک
- سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا دہشت گرد عبیداللہ ولد غلام غوث صالحی افغانستان کے صوبہ لوگر کے گاؤں شاہ قلعہ کا رہائشی تھا
سرکاری میڈیا کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع کرم میں تحریک طالبان پاکستان، فتنۃ الخوارج کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی (آئی بی او) کے دوران افغان شہری عبیداللہ سعد سمیت 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا دہشت گرد عبیداللہ ولد غلام غوث صالحی افغانستان کے صوبہ لوگر کے گاؤں شاہ قلعہ کا رہائشی تھا اور فتنۃ الخوارج سے وابستہ تھا۔
ذرائع نے کہا کہ وہ پاکستان میں متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھا۔
سیکیورٹی فورسز افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کرنے والے ریاست مخالف عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھیں گی۔ ذرائع نے کہا کہ ملک کے امن و سلامتی اور عوام کی جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کرم میں فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
ایک بیان میں محسن نقوی نے کارروائی کے دوران افغان شہری سمیت 4 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب کارروائی سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے فورسز کی تیاری اور مؤثریت کی عکاسی کرتی ہے۔
وزیر داخلہ نے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز امن و امان برقرار رکھنے اور عسکریت پسند گروہوں سے لاحق خطرات سے ملک کو محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔
محسن نقوی نے خیبر پختونخوا میں امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی جاری کارروائیوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن کی بحالی اور اسے برقرار رکھنے کے لیے ان کی کارروائیاں قابل تحسین ہیں۔
وزیر داخلہ نے سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو قوم کے لیے باعث فخر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کا عزم اور خدمات پورے ملک میں قدر اور اعتراف کی مستحق ہیں۔
دہشت گردی کے خلاف وسیع تر مہم کا حوالہ دیتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ قوم اس جدوجہد میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے دہشت گرد سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے اور استحکام برقرار رکھنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔
























Comments