بولیویا: فوجی بیرک میں دھماکا، 10 افراد ہلاک، 62 زخمی
- دھماکا وزارتِ دفاع کے زیرِ ذخیرہ آتش بازی کے سامان سے شروع ہوا، حکام
مقامی حکام کے مطابق جمعہ کو بولیویا کی میونسپلٹی ویاچا میں ایک فوجی بیرک میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ ویاچا دارالحکومت لا پاز سے تقریباً 30 کلومیٹر (19 میل) کے فاصلے پر واقع ہے۔
حکام کے مطابق دھماکا مقامی وقت کے مطابق تقریباً دوپہر 2:30 بجے (1830 جی ایم ٹی) اس علاقے میں ہوا جہاں آتش بازی کا سامان ذخیرہ کیا جاتا تھا۔
دھماکے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ یہ وزارتِ دفاع کے زیرِ ذخیرہ آتش بازی کے سامان سے شروع ہوا۔
ویاچا کی محکمہ صحت کی ڈائریکٹر ریٹا نیبراسکا نے مقامی ٹیلی وژن کو بتایا کہ واقعے میں 10 سے 15 افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے جبکہ 62 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں سے 14 افراد کو لا پاز کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جن میں ایک بچی بھی شامل ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں 50 سے زائد افراد زخمی ہوئے جبکہ درجنوں مکانات کو بھی نقصان پہنچا جس کی بڑی وجہ دھماکے کی شدت سے کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹنا تھا۔ نقصان کا جائزہ لینے اور زخمیوں کو طبی مراکز منتقل کرنے کے لیے ایمبولینسیں، طبی ٹیمیں اور پولیس اہلکار فوجی کمپلیکس میں تعینات کردیئے گئے۔
























Comments