ایس ای سی پی، اگست میں 4,761 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ
- ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 11 ہزار 765 ہوگئی
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے جمعہ کو بتایا کہ اگست میں 4,761 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئیں۔
ایس ای سی پی نے ایک بیان میں کہا کہ نئی رجسٹریشن کے بعد ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 11 ہزار 765 ہوگئی ہے۔
اگست میں 99.9 فیصد کمپنیوں کی رجسٹریشن آن لائن کی گئی جبکہ 3 غیر ملکی کمپنیاں بھی پاکستان میں رجسٹر ہوئیں۔
نئی رجسٹرڈ کمپنیوں میں 2,762 پرائیویٹ کمپنیاں جب کہ 1,846 سنگل ممبر کمپنیاں شامل ہیں۔
پریس ریلیز کے مطابق رجسٹریشن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ 872 نئی کمپنیوں کے ساتھ سرفہرست رہا جس کے بعد ٹریڈنگ کے شعبے میں 732، سروسز میں 601، تعمیرات میں 295 جبکہ سیاحت کے شعبے میں 232 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔
مزید برآں نئی رجسٹریشن کے حوالے سے پنجاب 2,547 کمپنیوں کے ساتھ سرفہرست رہا جس کے بعد اسلام آباد میں 843، سندھ میں 702 جب کہ خیبر پختونخوا میں 407 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔
گلگت بلتستان میں 151 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں جبکہ بلوچستان میں 111 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوئی۔
ایس ای سی پی نے بتایا کہ اگست کے دوران نئی رجسٹرڈ کمپنیوں میں 134 غیر ملکی سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری کی جن میں 106 چینی سرمایہ کار شامل ہیں۔
یاد رہے کہ جولائی میں ریکارڈ 5,438 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئی تھیں جن میں 5 بین الاقوامی کمپنیاں بھی شامل تھیں جنہوں نے پاکستان میں اپنے دفاتر قائم کیے۔























Comments