کولمبیا کی خاتون 38 گھنٹے بعد ملبے سے زندہ نکل آئی، بیٹے کی سالگرہ یادگار بنادی
- 7.4 شدت کا زلزلہ پیر کے روز آیا، جو کئی دہائیوں میں جنوبی امریکی ملک میں آنے والا سب سے شدید زلزلہ تھا
جب خولیو سیزر لارگو کی بیٹی اپنے بیٹے کی سالگرہ کی تقریب میں نہ پہنچی تو اس کے بدترین خدشات نے اسے گھیر لیا۔ اسی روز ایک طاقتور زلزلے نے کولمبیا کے ایک بڑے حصے کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔
7.4 شدت کا زلزلہ پیر کے روز آیا، جو کئی دہائیوں میں جنوبی امریکی ملک میں آنے والا سب سے شدید زلزلہ تھا۔ کم از کم 250 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ بہت سے دیگر زخمی یا اب بھی لاپتا ہیں۔
لارگو کو امید تھی کہ اس کی 32 سالہ بیٹی ڈینیئلا مغربی کولمبیا کے صوبہ کالداس کے ایک قصبے ریوسیوکو واپس جانے والی بس میں محض تاخیر کا شکار ہوئی ہوگی۔ لیکن جیسے جیسے گھنٹے گزرتے گئے اور اس کا فون خاموش رہا، خوف رفتہ رفتہ یقین میں بدل گیا۔
اس خاتون کے والد نے کہا کہ مجھے معلوم تھا کہ اس کے ساتھ کچھ ہوا ہے۔ کسی نہ کسی طرح وہ خاندان سے رابطہ کرتی۔ اور وہ فون کا جواب نہیں دے رہی تھی۔
وہ وسطی پیریرا میں ایک سستے رہائشی مکان کے منہدم ملبے کے باہر بات کر رہے تھے، جہاں ان کی بیٹی ملبے تلے دب گئی تھی۔ یہ عمارت اسی سڑک پر واقع تھی جہاں وہ ایک فرنیچر کی دکان میں کام کرتی تھی۔
لارگو اور ان کی اہلیہ نے لاپتا خاتون کی تصویر والا پوسٹر لے کر اسے تلاش کرنا شروع کیا۔ جن لوگوں نے وہ پوسٹر دیکھا، انہوں نے بتایا کہ انہوں نے زلزلے کی صبح ڈینیئلا کو دیکھا تھا۔
انہوں نے رائٹرز کو بتایا کہ جب وہ ہمارے گھر نہیں پہنچی تو ہم اسے تلاش کرنے نکلے، اور یہ وہی دن تھا جب اس کا بیٹا 12 سال کا ہو رہا تھا۔ ہم سب نے مل کر جشن منانے کے لیے مانیزالیس کے ایک شاپنگ مال جانے کا پروگرام بنایا تھا۔
اس کے بجائے ڈینیئلا تقریباً 38 گھنٹے تک کنکریٹ کی سلوں کے نیچے پھنسی رہی، جب وہ چار منزلہ عمارت، جس میں وہ موجود تھی، تاش کے پتوں کی طرح زمین پر آ گری۔ امدادی کارکنوں نے اسے تقریباً اتفاقاً اس وقت تلاش کیا جب وہ ایک دوسرے شخص کی تلاش کر رہے تھے، جس کے بارے میں بدھ کی صبح تک خیال کیا جا رہا تھا کہ وہ اب بھی ملبے تلے موجود ہے۔
اسے باہر نکالنے میں انتہائی کٹھن 10 گھنٹے لگے۔ درجنوں امدادی ماہرین اور تقریباً 50 رضاکار ڈینیئلا تک پہنچنے کے لیے کام کرتے رہے، جس کا بازو دھات کے ایک دروازے کے نیچے پھنسا ہوا تھا۔
جب وہ بالآخر زندہ حالت میں اسٹریچر پر باہر نکلی اور اسے سان خورخے اسپتال لے جانے والی ایمبولینس میں منتقل کیا گیا تو جائے وقوعہ پر موجود ہجوم خوشی اور تالیوں سے گونج اٹھا۔
اس کے والد کے لیے یہ لمحہ تقریباً ناقابلِ بیان تھا۔
انہوں نے آنسوؤں کے ساتھ کہا کہ یہ بات تباہ کن ہے کہ میری بیٹی کو اس سب سے گزرنا پڑا۔ لیکن اس کے زندہ بچ جانے کی خوشی ناقابلِ بیان ہے۔ میرے لیے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ دوبارہ پیدا ہوئی ہو۔ اور اب اسے اپنے بیٹے کی پرورش جاری رکھنے کا موقع مل گیا ہے۔






















Comments