ایس بی پی کی منظوری، عادل صلاح الدین 13 اگست سے اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان کے سی ای او کا عہدہ سنبھالیں گے
- گزشتہ ماہ اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک (پاکستان) لمیٹڈ نے عادل صلاح الدین کو اپنا نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ڈائریکٹر مقرر کیا تھا
اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک (پاکستان) لمیٹڈ (ایس سی بی پی ایل) نے بتایا ہے کہ عادل صلاح الدین 13 اگست (جمعرات) سے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اور ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالیں گے جس کی اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے منظوری دے دی ہے۔
لسٹڈ بینک نے بدھ کو اسٹاک ایکسچینج کو جمع کرائی گئی ایک فائلنگ میں اس پیشرفت کا اعلان کیا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ ہمیں یہ بتاتے ہوئے خوشی ہے کہ اسٹیٹ بینک سے ایف پی ٹی کلیئرنس ملنے کے بعد عادل صلاح الدین 13 اگست 2026 سے بینک کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھال لیں گے۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ایف پی ٹی کلیئرنس ایک باقاعدہ ریگولیٹری منظوری ہے جو اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ مجوزہ امیدوار کسی بینک یا مالیاتی ادارے میں اہم انتظامی عہدہ سنبھالنے کے لیے مقررہ معیار پر پورا اترتا ہے۔
گزشتہ ماہ اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک (پاکستان) لمیٹڈ نے عادل صلاح الدین کو اپنا نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ڈائریکٹر مقرر کیا تھا۔
اسٹینڈرڈ چارٹرڈ نے اس وقت اسٹاک ایکسچینج کو جاری کردہ نوٹس میں بتایا تھا کہ عادل صلاح الدین کو بینکاری شعبے میں 30 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے اور وہ 25 سال سے اسٹینڈرڈ چارٹرڈ گروپ سے وابستہ ہیں۔
انہو نے مزید بتایا کہ اس دوران انہوں نے مختلف جغرافیائی خطوں میں مارکیٹس، کوریج اور ٹرانزیکشن بینکنگ شعبوں میں مختلف قائدانہ عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ ان کی بنیادی توجہ پاکستان پر رہی تاہم عادل صلاح الدین نے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں بھی کام کیا جس کے نتیجے میں انہیں مشرق وسطیٰ اور افریقی مارکیٹس کی گہری سمجھ بوجھ حاصل ہوئی۔
اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک (پاکستان) لمیٹڈ پاکستان میں 19 جولائی 2006 کو قائم ہوا اور اسے اسٹیٹ بینک کی جانب سے 30 دسمبر 2006 سے بینکاری کاروبار شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔
بینک کی حتمی ہولڈنگ کمپنی اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پی ایل سی ہے جو انگلینڈ میں رجسٹرڈ ہے۔ بینک بینکنگ کمپنیز آرڈیننس 1962ء کے تحت متعین کردہ بینکاری کاروبار میں مصروفِ عمل ہے۔






















Comments