روسی حملوں میں یوکرین کے شہر زاپوریژیا میں 5 افراد ہلاک، 20 زخمی
- روسی فوج نے شہر پر میزائل اور فضائی بموں سے حملے کیے، علاقائی گورنر
روسی حملوں میں منگل کی صبح جنوب مشرقی یوکرین کے شہر زاپوریژیا میں 5 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے، جبکہ دارالحکومت کیف کو بھی نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں شہر میں آگ بھڑک اٹھی۔
زاپوریژیا کے علاقائی گورنر ایوان فیودوروف نے بتایا کہ روسی فوج نے شہر پر میزائل اور فضائی بموں سے حملے کیے۔
انہوں نے ایسی تصاویر بھی جاری کیں جن میں عمارتوں اور گاڑیوں کو آگ کی لپیٹ میں دیکھا جاسکتا ہے۔
زاپوریژیا اور کیف دونوں میں فضائی حملے کے انتباہات جاری کیے گئے۔ کیف کی سٹی ملٹری ایڈمنسٹریشن کے مطابق شہر کے وسطی ضلع میں گوداموں میں آگ لگ گئی۔
حکام کے مطابق کیف میں ایک شخص زخمی ہوا۔
کیف کے میئر وٹالی کلیچکو نے بتایا کہ وسطی ضلع میں طبی عملہ روانہ کر دیا گیا ہے۔
کیف میں فضائی حملے کا انتباہ 40 منٹ بعد ختم کردیا گیا، تاہم آدھی رات گزرنے کے کافی دیر بعد اسے دوبارہ جاری کردیا گیا۔
رائٹرز کے عینی شاہدین نے اس سے قبل شہر میں دھماکوں کی آوازیں سنے جانے کی اطلاع دی تھی۔


























Comments