محسن نقوی کی مکہ کے قائم مقام گورنر سے ملاقات، پاک سعودی تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عزم
- پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، وفاقی وزیر داخلہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جدہ میں مکہ مکرمہ ریجن کے قائم مقام گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایک سرکاری اعلامیے کے مطابق اس ملاقات میں جدہ کے گورنر شہزادہ سعود بن عبداللہ بن جلوی، طائف کے گورنر شہزادہ سعود بن نہار بن سعود اور سعودی شاہی خاندان کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان مملکت کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیر داخلہ نے پاکستانی عمرہ اور حج زائرین کے لیے کیے گئے بہترین انتظامات پر مکہ مکرمہ ریجن کے قائم مقام گورنر کا شکریہ ادا کیا اور سعودی حکام کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات اور خدمات کو سراہا۔
شہزادہ سعود بن مشعل نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کے لیے سعودی عرب کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کے دوران قائم مقام گورنر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے مابین حالیہ معاہدے کا خیرمقدم کیا اور اسے مملکت میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا۔
انہوں نے جدہ کے پہلے بین الاقوامی معیار کے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے فیصلے کو بھی سراہا اور اس منصوبے کے لیے مکمل تعاون کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ سعودی حکام اس اسٹیڈیم کی تیاری میں پی سی بی کے ساتھ تعاون کریں گے۔ یہ ملاقات پاکستان اور سعودی عرب کے مابین قریبی اسٹریٹجک شراکت داری اور مذہبی، کھیلوں اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے دونوں اطراف کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتی ہے۔























Comments