بیافو انڈسٹریز میں متین امجد کی بطور سی ای او تقرری، انور معین مستعفی
- متین امجد کی ملازمت کے قواعد و ضوابط کی منظوری بورڈ نے ان کے ایمپلائمنٹ کنٹریکٹ کے مطابق دی
بیافو انڈسٹریز لمیٹڈ نے منگل کو اہم عہدوں پر تقرریوں کا اعلان کردیا۔
یہ پیشرفت اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس میں شیئر کی گئی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ متین امجد کو یکم جولائی 2026 سے نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کردیا گیا ہے۔
یہ تقرری انور معین کے بطور سی ای او استعفیٰ دینے کے بعد کی گئی جو 30 جون سے نافذ العمل ہوگا۔
بورڈ نے معین کی کمپنی کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا استعفیٰ منظور کرلیا۔
دوسری جانب بیافو نے مزید بتایا کہ متین امجد کی ملازمت کے قواعد و ضوابط کی منظوری بورڈ نے ان کے ایمپلائمنٹ کنٹریکٹ (معاہدہ ملازمت) کے مطابق دی ہے۔
کمپنی کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز نے یکم جون 2026 کو منعقدہ اپنے اجلاس میں انور معین کا استعفیٰ منظور کیا اور متین امجد کی بطور سی ای او تقرری کی توثیق کی۔
بیافو انڈسٹریز لمیٹڈ کو 1988 میں پاکستان میں بطور پبلک لمیٹڈ کمپنی رجسٹرڈ (شامل) کیا گیا تھا اور اس نے 1994 میں اپنے تجارتی آپریشنز کا باقاعدہ آغاز کیا۔ کمپنی کی بنیادی سرگرمی تجارتی دھماکہ خیز مواد اور بلاسٹنگ کے سازوسامان کی تیاری اور فروخت ہے جس میں ڈیٹونیٹرز اور دیگر متعلقہ مواد شامل ہیں۔

























Comments