صدر آصف زرداری کا پاک چین صنعتی تعاون مزید مستحکم بنانے پر زور
- سانی کے مینوفیکچرنگ ایکو سسٹم کی وسعت اور جدید ٹیکنالوجی کی تعریف
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور چین کے درمیان صنعتی ٹیکنالوجی، مہارتوں کی ترقی اور مشترکہ منصوبوں (جوائنٹ وینچرز) میں تعاون کو مستحکم کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے، جو پاکستان کے بنیادی ڈھانچے اور صنعتی ترقی میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
ایوانِ صدر (میڈیا ونگ) کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار چین کے صوبے ہونان کے شہر چانگشا میں سانی ہیوی انڈسٹری کمپنی لمیٹڈ کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس دورے کا محور انجینئرنگ اور تعمیراتی مشینری کے شعبے میں پاکستان اور چین کے درمیان صنعتی تعاون، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سرمایہ کاری کے راستے تلاش کرنا تھا۔
صدر زرداری نے سانی کے مینوفیکچرنگ ایکو سسٹم کی وسعت، نفاست اور تکنیکی گہرائی کو سراہا۔ انہوں نے تعمیراتی مشینری، ڈیجیٹل مینوفیکچرنگ، صاف توانائی اور انجینئرنگ سلوشنز جیسے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی صلاحیت کو بھی اجاگر کیا۔
دورے کے دوران سانی گروپ کے چیئرمین تانگ شوگو نے صدر مملکت کو کمپنی کے آپریشنز بشمول مشینری کے بنیادی کاروباری شعبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ سانی گروپ کے چیئرمین نے مینوفیکچرنگ، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور استعداد کار میں اضافے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے میں آمادگی کا اظہار کیا۔
























Comments