خواتین فٹ بالرز کی انجری روکنے کے لیے این ڈبلیو ایس ایل کا عالمی پروجیکٹ میں شمولیت کا اعلان
- نیشنل ویمنز سوکر لیگ کی شراکت داری کا باضابطہ اعلان بدھ کو نیویارک میں نائیکی ہیڈکوارٹر میں کیا گیا
امریکی نیشنل ویمنز ساکر لیگ (این ڈبلیوایس ایل) اور اس کے پلیئرز یونین نے پروجیکٹ اے سی ایل میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ اس عالمی اقدام کا مقصد خواتین کھلاڑیوں میں گھٹنے کی سنگین چوٹ کے واقعات کو کم کرنا ہے، جس کا خطرہ مردوں کے مقابلے میں خواتین میں دو گنا زیادہ ہوتا ہے۔
تحقیق کے مطابق اسپورٹس سائنس میں خواتین کا حصہ محض 8 فیصد ہے، جس کی وجہ سے ان انجریز کے اسباب پر ڈیٹا محدود ہے۔ یہ شراکت داری نائیکی اور فیف پرو کے تعاون سے کھلاڑیوں کی جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ تربیتی حالات، سفری بوجھ اور میچوں کے درمیان آرام کے وقفوں کا مطالعہ کرے گی۔
پروجیکٹ کے ذریعے کھلاڑیوں کے ورک لوڈ کو مانیٹر کیا جائے گا، تاکہ کھیل کے شیڈول اور انجری کے تعلق کو سمجھا جا سکے۔ نیویارک میں نائیکی کے ہیڈ کوارٹر میں ہونے والی تقریب میں لیگ حکام نے اسے کھلاڑیوں کی صحت کے لیے ناگزیر قرار دیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ورلڈ کپ میں 25 سے زائد خواتین کھلاڑی اے سی ایل انجری کی وجہ سے شرکت نہیں کر سکی تھیں۔


























Comments