پاک چین تجارت: پی سی ڈی ایم اے اور سی سی پی آئی ٹی کے درمیان اہم معاہدہ طے پاگیا
- ایم او یو پر چیئرمین پی سی ڈی ایم اے سلیم ولی محمد اور چیئرمین چائنا کونسل فار دی پروموشن آف انٹرنیشنل ٹریڈ یوآن جی نے دستخط کیے
پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے) اور چائنا کونسل فار دی پروموشن آف انٹرنیشنل ٹریڈ (سی سی پی آئی ٹی) نے شنگھائی میں انٹر ڈائی 2026 نمائش کے موقع پر مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد پاک،چین تجارتی تعاون کو مزید فروغ دینا اور کیمیکلز و ڈائز انڈسٹری کے لیے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
ایم او یو پر چیئرمین پی سی ڈی ایم اے سلیم ولی محمد اور چیئرمین چائنا کونسل فار دی پروموشن آف انٹرنیشنل ٹریڈ (سی سی پی آئی ٹی)یوآن جی نے دستخط کیے۔
اس موقع پر سلیم ولی محمد نے کہا کہ یہ شراکت داری نہ صرف پی سی ڈی ایم اے کے لیے فائدہ مند ہوگی بلکہ وسیع تر کمیونٹی اور صنعتی معیار پر بھی مثبت اثر ڈالے گی۔ یہ سنگِ میل آئندہ تعاون کے لیے ایک مثال قائم کرے گا اور دونوں صنعتوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔
سلیم ولی محمد کی قیادت میں وفد نے چینی صنعتکاروں سے ملاقاتیں کیں اور ٹریڈ کیمیکل ٹیکنالوجی انوویشن اینڈ انٹرنیشنل ٹریڈ کوآپریشن کانفرنس میں شرکت کی۔
کانفرنس سے چینی مققرین کے ساتھ ساتھ چیئرمین پی سی ڈی ایم اے سلیم ولی محمد، سابق چیئرمین محمود سلام اور ممبر عبد الرحیم کھتری نے بھی خطاب کیا اور پاکستان کی ڈائز انڈسٹری کی موجودہ گنجائش اور امکانات پر روشنی ڈالی جس نے سامعین کو متاثر کیا اور عالمی سطح پر پی سی ڈی ایم اے کی ساکھ کو مزید بہتر بنایا۔
کانفرنس میں سابق وائس چیئرمین پی سی ڈی ایم اے ندیم آفتاب، سابق صدر لاہور آفس کاشف رضا اور ڈاکٹر مشتاق نے بھی شرکت کی۔
شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ انٹر ڈائی کو عالمی سطح پر ڈائز اور کیمیکلز انڈسٹری کا مرکزی پلیٹ فارم بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ اسٹیک ہولڈرز کی شرکت سے تجارت، جدت اور نیٹ ورکنگ کے نئے راستے کھل سکیں۔






















Comments