چین، قطر اور تائیوان: سی پی ڈبلیو کی درآمد پر نئی کسٹمز ویلیوز مقرر
- مختلف اسٹیک ہولڈرز نے کلورینیٹڈ پیرافن ویکس کی کسٹمز ویلیوز کے تعین کے حوالے سے درخواستیں دی تھیں، ڈائریکٹوریٹ
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیو ایشن کراچی نے چین، قطر اور تائیوان سے کلورینیٹڈ پیرافن ویکس (سی پی ڈبلیو) کی درآمد پر نئی کسٹمز ویلیوز مقرر کردی ہیں۔
ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری کردہ ویلیو ایشن رولنگ کے مطابق مختلف اسٹیک ہولڈرز کی طرف سے کلورینیٹڈ پیرافن ویکس کی کسٹمز ویلیوز کے تعین کے حوالے سے درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں بین الاقوامی مارکیٹ کی قیمتوں کی بنیاد پر ان ویلیوز پر نظرثانی کی استدعا کی گئی تھی۔
لہٰذا ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے کسٹمز ایکٹ 1969 کے سیکشن 25A کے تحت متعلقہ اشیاء کی کسٹمز ویلیوز کے تعین کے لیے ایک مشق کی گئی اور اسی کے مطابق ویلیو ایشن رولنگ نمبر 2006/2025 جاری کردی گئی۔
مذکورہ ویلیو ایشن رولنگ کو میسرز گرٹ (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے کسٹمز ایکٹ 1969 کے سیکشن 25ڈی کے تحت ڈائریکٹر جنرل آف کسٹمز ویلیو ایشن کے سامنے چیلنج کیا تھا۔ ڈائریکٹر جنرل نے ’آرڈر ان ریویژن‘ کے ذریعے زیرِ بحث رولنگ کے سیریل نمبر 1 پر درج قطر سے درآمد شدہ کلورینیٹڈ پیرافن ویکس (کلورین کی مقدار 62 فیصد) کی مالیت کی حد تک رولنگ کو کالعدم قرار دے دیا، اور ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت جاری کی کہ کسٹمز ایکٹ 1969 کے سیکشن 25A کے تحت ایک نئی مشق کی جائے تاکہ ایکٹ کے سیکشن 25 میں درج طریقہ کار کو بروئے کار لاتے ہوئے اشیاء کی کسٹمز ویلیوز کا دوبارہ تعین کیا جا سکے۔
کسٹمز ایکٹ 1969 کے سیکشن 25A کے تحت اجلاس منعقد کیے گئے، جن میں مقامی مینوفیکچررز اور امپورٹرز سمیت متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی اور ان کے نقطہ نظر کو تفصیل سے سنا گیا۔
اس کے علاوہ، درآمدات کے نوے (90) دنوں کا ڈیٹا حاصل کیا گیا اور اس کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی گئی۔
اس بات کا مشاہدہ کیا گیا کہ قطر سے درآمد شدہ ویکس (جس میں کلورین کی مقدار 62 فیصد ہے) کی حالیہ قیمتیں 0.62 امریکی ڈالر سے 0.64 امریکی ڈالر فی کلوگرام کے درمیان رہیں، جبکہ اوسط قیمت تقریباً 0.63 امریکی ڈالر فی کلوگرام رہی۔ امپورٹر میسرز گرٹ (پرائیویٹ) لمیٹڈ سے کہا گیا کہ وہ برآمدی ملک کا ’ایکسپورٹ جی ڈی‘، سپلائر کی پروڈکشن کاسٹ شیٹ (پیداواری لاگت کی تفصیل)، ملک کے لحاظ سے کنورژن کاسٹ (تبدیلی کی لاگت) کی تفصیلات اور معاون مالیاتی دستاویزات سمیت مکمل دستاویزی ثبوت فراہم کرے۔
تاہم موقع فراہم کیے جانے کے باوجود ایسی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ ڈائریکٹوریٹ نے کلورینیٹڈ پیرافن ویکس کی تیاری میں استعمال ہونے والے اہم خام مال کی بین الاقوامی قیمتوں کے رجحانات کا بھی جائزہ لیا۔
یہ مشاہدہ کیا گیا کہ متعلقہ مدت کے دوران پیرافن آئل کی بین الاقوامی قیمتوں میں اضافے کا رجحان دیکھا گیا ہے جو براہِ راست سی پی ڈبلیو کی اصل پیداواری لاگت پر اثر انداز ہوتا ہے۔
علاوہ ازیں تائیدی مقاصد کے لیے نیشنل ٹیرف کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ’فائنل ڈیٹرمینیشن رپورٹ‘ کے ذریعے عوامی سطح پر دستیاب ’ملک کے لحاظ سے پیداواری لاگت‘ کے ڈیٹا کا بھی جائزہ لیا گیا۔
مذکورہ رپورٹ میں برآمدی ملک کے سپلائر کی جانب سے فراہم کردہ تصدیق شدہ لاگتی پیرامیٹرز اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ قیمت کی سطح ان بعض ڈکلیئرڈ درآمدی قیمتوں سے نمایاں طور پر زیادہ ہے جو حالیہ کنسائنمنٹس میں دیکھی گئی ہیں۔
ڈائریکٹوریٹ نے مزید بتایا کہ اسی مناسبت سے، اشارے کے طور پر حاصل کردہ کمپیوٹڈ ویلیو، خام مال کے رائج بین الاقوامی رجحانات اور درآمدی ڈیٹا کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے بعد متعلقہ اشیاء کی کسٹمز ویلیوز کا تعین کردیا گیا ہے۔

























Comments