پاکستان میں پائیدار خریداری : قانونی تعمیل سے مسابقتی برتری تک کا سفر
- پاکستان میں پائیدار خریداری کی فوری ضرورت ملکی موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے شدید خطرے کی وجہ سے مزید نمایاں ہو گئی
پائیدار خریداری اب محض ماحولیاتی کارکنوں یا کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے شعبوں تک محدود کوئی ثانوی معاملہ نہیں رہا بلکہ یہ تیزی سے اداروں کے لیے خطرات سے نمٹنے، لچک پیدا کرنے اور طویل مدتی قدر تخلیق کرنے کا مرکزی ذریعہ بنتا جا رہا ہے۔ اس کے بنیادی تصور میں خریداری کے فیصلوں کے دوران ماحولیاتی، سماجی اور اخلاقی پہلوؤں کو شامل کیا جاتا ہے جنہیں عام طور پر ماحولیاتی، سماجی اور گورننس کے معیارات کے فریم ورک میں دیکھا جاتا ہے۔
خریداری کے روایتی ماڈلز جو صرف قیمت اور کارکردگی کو ترجیح دیتے ہیں، ان کے برعکس پائیدار خریداری فیصلہ سازی کے عمل کو وسیع کرتی ہے، تاکہ اس میں اشیاء کی پوری زندگی کی لاگت، مزدوری کے اخلاقی طور طریقے، سپلائرز کا تنوع اور پوری سپلائی چین پر پڑنے والے ماحولیاتی اثرات کو بھی شامل کیا جا سکے۔ روایتی طور پر خریداری سے مراد وہ عمل ہے جس کے ذریعے ادارے بہترین قیمت، معیار، ترسیل کے اوقات اور بھروسے کے درمیان توازن برقرار رکھتے ہوئے مسابقتی بولی کے ذریعے اشیاء اور خدمات حاصل کرتے ہیں۔
پائیدار خریداری اسی بنیاد پر تعمیر ہوتی ہے لیکن یہ خریداری کی حکمتِ عملیوں میں پائیداری کے اہداف کو شامل کرتی ہے، تاکہ ماحولیاتی تحفظ، سماجی برابری اور معاشی استحکام کو آگے بڑھاتے ہوئے تنظیمی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ یہ نقطہ نظر ٹرپل باٹم لائن کے فریم ورک سے گہرا تعلق رکھتا ہے جو انسانوں، کرہ ارض اور منافع پر زور دیتا ہے۔ ان تینوں پہلوؤں کو بہتر بنا کر ادارے وسیع تر سماجی فوائد پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی مالی کارکردگی کو بھی بہتر بنا سکتے ہیں۔
پائیداری کے تین ستون یعنی ماحولیاتی، سماجی اور معاشی ایک دوسرے سے گہرے جڑے ہوئے ہیں۔ ماحولیاتی پائیداری کا تعلق موسمیاتی تبدیلی، حیاتیاتی تنوع کے نقصان اور وسائل کی کمی جیسے چیلنجز سے ہے۔ ادارے محدود وسائل کے بجائے قابلِ تجدید توانائی اپنا کر اور فضلے کو کم سے کم کر کے ماحولیاتی نقصان کو گھٹا سکتے ہیں۔ سماجی پائیداری انسانی حقوق، لیبر اسٹینڈرڈز، برابری اور کمیونٹی کی فلاح و بہبود پر مرکوز ہے۔ یہ اس حقیقت کو تسلیم کرتی ہے کہ طویل مدتی معاشی اور ماحولیاتی نتائج سپلائی چین میں شامل لوگوں کی صحت اور وقار پر منحصر ہیں۔ معاشی پائیداری کا مرکز طویل عرصے تک منافع اور استحکام کو برقرار رکھنا ہے، جو اب تیزی سے ایسے کاروباری ماڈلز کے ذریعے ممکن ہو رہا ہے جو ماحولیاتی اور سماجی عوامل کو بیرونی اخراجات کے بجائے کاروبار کے اندرونی حصے کے طور پر دیکھتے ہیں۔
پاکستان میں پائیدار خریداری کی ضرورت ملک کی موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے شدید حساسیت کی وجہ سے مزید بڑھ گئی ہے۔ بڑھتا ہوا درجہ حرارت، سیلاب، پانی کی قلت، غذائی عدم تحفظ اور حیاتیاتی تنوع کا نقصان اب محض فرضی خطرات نہیں بلکہ تلخ حقیقتیں ہیں۔ اس کے جواب میں سرکاری اور نجی دونوں شعبوں پر گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو کم کرنے، وسائل کے موثر استعمال اور سپلائی چین میں شفافیت لانے کے لیے دباؤ بڑھ رہا ہے۔ اس دباؤ کو بدلتے ہوئے ریگولیٹری اور رپورٹنگ کے تقاضوں سے مزید تقویت مل رہی ہے۔
پاکستان میں آئی ایف آر ایس ایس ون اور ایس ٹو کے تحت پائیداری سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے مرحلہ وار نفاذ نے اداروں کے لیے ای ایس جی رپورٹنگ کو لازمی قرار دے دیا ہے، جو رضاکارانہ وعدوں سے قانونی جوابدہی کی طرف منتقلی کا اشارہ ہے۔ عالمی سطح پر پائیدار خریداری اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) بالخصوص ہدف نمبر 12 سے منسلک ہے جو پائیدار کھپت اور پیداواری نمونوں کو فروغ دیتا ہے۔ پاکستان کے لیے جہاں سرکاری خریداری معاشی سرگرمیوں کا ایک بڑا حصہ ہے، خریداری کے فریم ورک کو ایس ڈی جی کے اصولوں کے مطابق ڈھالنا نظامی تبدیلی کے لیے ایک طاقتور ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے۔
خریداری میں پائیداری کو شامل کرنے کے لیے سپلائرز کے انتخاب اور معاہدوں کی تیاری سے لے کر کارکردگی کی نگرانی اور سپلائرز کے ساتھ طویل مدتی تعلقات تک، خریداری کے پورے لائف سائیکل کی جانچ پڑتال ضروری ہے۔ اس سے خریداری اور سپلائی چین کے پیشہ ور افراد پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پیمائش کے قابل اہداف مقرر کریں، جیسے کہ کاربن فوٹ پرنٹ کو کم کرنا، مزدوری کے حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنا اور ماحولیاتی و سماجی معیارات کی تعمیل کو یقینی بنانا۔ آئی ایس او 20400:2017 جیسی بین الاقوامی رہنمائی خریداری کے عمل اور سپلائی چین مینجمنٹ میں پائیداری کو ضم کرنے کے لیے ایک اسٹریٹجک فریم ورک فراہم کرتی ہے۔ اگرچہ یہ معیارات رضاکارانہ ہیں لیکن یہ ان اداروں کے لیے ایک عملی نقطہ آغاز فراہم کرتے ہیں جو اپنی موجودہ روایات کا موازنہ کرنا اور مستقبل کے راستے متعین کرنا چاہتے ہیں۔
صرف قانونی تعمیل سے ہٹ کر پائیدار خریداری کی اسٹریٹجک اہمیت اب تیزی سے واضح ہو رہی ہے۔ اس کا ایک بڑا فائدہ سپلائی چین کی مضبوطی ہے۔اخلاقی لیبر اسٹینڈرڈز، ذمہ دارانہ وسائل کے انتظام اور شفاف گورننس پر عمل کرنے والے سپلائرز کے ساتھ جڑ کر ادارے موسمیاتی واقعات، وسائل کی قلت یا جغرافیائی عدم استحکام کی وجہ سے پیدا ہونے والے تعطل سے محفوظ رہتے ہیں۔ اس مفروضے کے برعکس کہ پائیداری سے اخراجات بڑھتے ہیں، پائیدار خریداری اکثر طویل مدتی مالی بچت فراہم کرتی ہے۔ توانائی کی بچت، فضلے کی کمی اور وسائل کا بہتر استعمال آپریٹنگ اخراجات کو کم کر سکتا ہے اور یہ بچت پوری ویلیو چین میں منتقل ہوتی ہے۔ اب سرمایہ کاروں، صارفین اور ریگولیٹرز کی نظر میں خریداری اور پائیداری لازم و ملزوم بن چکے ہیں۔ خام مال کے ذرائع، کاربن کے اخراج اور انسانی حقوق پر اثرات کے حوالے سے شفافیت اب محض ایک خوبی نہیں بلکہ ایک بنیادی توقع بن چکی ہے۔
وہ ادارے جو پائیدار خریداری میں قائدانہ کردار ادا کرتے ہیں، وہ ذمہ دارانہ سرمایہ کاری کو راغب کرنے، صارفین کا اعتماد جیتنے اور اسٹیک ہولڈرز کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے بہتر پوزیشن میں ہوتے ہیں۔ پائیدار خریداری جدت کے لیے ایک محرک کے طور پر بھی کام کرتی ہے۔ سپلائرز کے ساتھ باہمی تعاون نئے مواد اور کم ماحولیاتی اثر والے پیداواری عمل کی ترقی کا باعث بن سکتا ہے۔ عالمی سطح پر آٹو موٹیو جیسی صنعتیں پہلے ہی دکھا چکی ہیں کہ کس طرح سپلائرز کے ساتھ شراکت داری ری سائیکل ہونے والے اور ہلکے وزن کے مواد میں جدت لا سکتی ہے۔
پاکستانی صنعتوں کے لیے بھی ایسا تعاون برآمدی منڈیوں میں مسابقت بڑھا سکتا ہے جو اب تیزی سے ای ایس جی کارکردگی کے مطابق ڈھل رہی ہیں۔ پائیدار خریداری اداروں کو اسکوپ 3 اخراج کی پیمائش اور انتظام کرنے کے قابل بنا کر وسیع تر کلائمیٹ حکمتِ عملیوں کو سہارا دیتی ہے، جو اکثر کارپوریٹ کاربن فوٹ پرنٹ کا سب سے بڑا حصہ ہوتے ہیں۔ سپلائرز کو اخراج کی رپورٹنگ اور اہداف کے تعین میں شامل کرنا خریداری کے فیصلوں کو نیٹ زیرو وعدوں کے مطابق بناتا ہے۔ سپلائرز کے لیے پائیداری کو بوجھ کے بجائے کاروبار کے موقع کے طور پر دیکھنا چاہیے۔ پائیداری کے اصولوں کے ساتھ ہم آہنگی ٹینڈرز تک رسائی کو بہتر بناتی ہے اور عالمی منڈیوں میں مسابقت کو بڑھاتی ہے۔ پاکستان میں پائیدار خریداری ایک اسٹریٹجک موڑ کی حیثیت رکھتی ہے جو معاشی ترقی کو ماحولیاتی تحفظ اور سماجی شمولیت کے ساتھ متوازن کرنے کا راستہ فراہم کرتی ہے۔ اب سوال یہ نہیں کہ کیا ادارے اسے اپنانے کی استطاعت رکھتے ہیں بلکہ سوال یہ ہے کہ کیا وہ اسے نظر انداز کرنے کا خطرہ مول لے سکتے ہیں۔






















Comments