کھیل کے فروغ کے لیے خدمات، سری لنکا کرکٹ نے پی سی بی چیف کو اعزاز سے نواز دیا
- سری لنکن وزیر کھیل، سیکریٹری دفاع اور ایس ایل سی کے سی ای او کی محسن نقوی سے ملاقات
سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا، جس میں کھیل کے فروغ کے لیے ان کی گراں قدر خدمات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ پی سی بی کی جانب سے اتوار کو جاری کردہ بیان کے مطابق تقریب کے دوران سری لنکا کرکٹ کے صدر شمی سلوا اور دیگر اعلیٰ حکام نے چیئرمین پی سی بی سے ملاقات کی۔
اس موقع پر سری لنکن وزیر کھیل سنیل سنوی، سیکریٹری دفاع سمپتھ تھیاکونتھا، ایس ایل سی کے سی ای او ایشلے ڈی سلوا اور سجیوا گوڈالیڈا موجود تھے۔ پاکستانی وفد میں وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی چوہدری سالک حسین، پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد اور پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر شامل تھے۔
دونوں بورڈز نے کھیل کی ترقی کے لیے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ محسن نقوی نے شاندار میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ شریفوں کا کھیل ہے اور یہ قوموں کے درمیان محبت اور قریبی تعلقات کو فروغ دینے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
چیئرمین پی سی بی کی قومی ٹیم سے ملاقات
کولمبو میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور منیجمنٹ سے ملاقات کی۔ انہوں نے ٹیم کے جذبے اور عزم کی تعریف کی اور آنے والے میچز کے لیے اپنی مکمل حمایت اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس ملاقات میں کپتان سلمان آغا، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ سمیت تمام کوچنگ اسٹاف موجود تھا۔ پی سی بی کے سینئر حکام بشمول سمیر احمد، سلمان نصیر اور ڈائریکٹر میڈیا عامر میر بھی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے وہاں موجود تھے۔
یہ ملاقات اتوار کو آر پریماداسا اسٹیڈیم میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں پاک-بھارت ٹاکرے سے قبل ہوئی ہے۔ 35 ہزار تماشائیوں کی گنجائش والا یہ اسٹیڈیم مکمل بھر چکا ہے اور دنیا بھر میں کروڑوں شائقین کی نظریں اس پر لگی ہیں۔
دونوں ٹیمیں اپنے پہلے دو میچز جیت چکی ہیں، جس کا مطلب ہے کہ آج کا فاتح 6 پوائنٹس کے ساتھ اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائے گا۔ تاریخی طور پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کو پاکستان پر 1-7 کی برتری حاصل ہے اور انہوں نے گزشتہ سال ایشیا کپ میں بھی پاکستان کو فائنل سمیت تین بار شکست دی تھی۔






















Comments