دسمبر 2023 سے نومبر 2025: پرائمری نیلامیوں کے ذریعے 13.3 ارب ڈالر اکٹھے کیے گئے، ایس ای سی پی
- ایس ای سی پی نے پہلی انٹرنیشنل کیپٹل مارکیٹس کانفرنس پر ایک وائٹ پیپر جاری کر دیا
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے بتایا ہے کہ دسمبر 2023 سے نومبر 2025 کے دوران پرائمری نیلامیوں کے ذریعے 13.3 ارب ڈالر اکٹھے کیے گئے جبکہ سیکنڈری مارکیٹ میں 3.4 ارب ڈالر کی تجارت ہوئی۔
ایس ای سی پی نے پہلی انٹرنیشنل کیپٹل مارکیٹس کانفرنس پر ایک وائٹ پیپر جاری کر دیا ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق کمشنر ایس ای سی پی نے پاکستان کی کیپٹل مارکیٹس کو جدید بنانے اور طویل مدتی مالی استحکام کو مضبوط کرنے کے لیے جاری بڑی اصلاحات پر روشنی ڈالی۔ ان کے بیانات تین بنیادی شعبوں پر مرکوز تھے: اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے سرکاری قرضہ جاتی سیکیورٹیز کا اجراء اور تجارت، ریگولیٹڈ کنٹریبیوٹری پنشن سسٹم کی توسیع اور الیکٹرانک ویئر ہاؤس رسیدوں کے ذریعے زرعی منڈیوں کی تبدیلی۔
انہوں نے اس بات پر نوٹ کیا کہ سرکاری قرضہ جاتی سیکیورٹیز (جی ڈی ایس) کے اجراء اور تجارت کو کیپٹل مارکیٹ کے اداروں کے ذریعے چلانے سے شفافیت، مقابلے کی فضا اور کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ عوامی نیلامیوں اور سیکنڈری مارکیٹ میں مسلسل تجارت کے ذریعے، اب مارکیٹ مختلف مدت اور ڈھانچے کے حامل متعدد سکوک آلات پیش کررہی ہے۔ دسمبر 2023 سے نومبر 2025 کے درمیان، پرائمری نیلامیوں کے ذریعے 13.3 ارب ڈالر اکٹھے کیے گئے جبکہ سیکنڈری مارکیٹ میں 3.4 ارب ڈالر کی تجارت ہوئی۔
یہ ڈھانچہ جس میں ایکسچینج تجارت کا انتظام سنبھالتی ہے، کلیئرنگ کمپنی مرکزی کاؤنٹر پارٹی کے طور پر کام کرتی ہے اور ڈپازٹری ملکیت کے ریکارڈ کو برقرار رکھتی ہے، اس نے رسک مینجمنٹ اور ٹیکس کی تعمیل کو مزید مستحکم کیا ہے۔
پنشن کے حوالے سے انہوں نے عالمی رجحانات کے مطابق روایتی ڈیفائنڈ بینیفٹ اسکیموں سے ڈیفائنڈ کنٹریبیوشن ماڈلز کی جانب منتقلی کا خاکہ پیش کیا۔ ریگولیٹڈ کنٹری بیوٹری پنشن سسٹم اب 19 مینیجرز کے تحت 47 فنڈز تک پھیل چکا ہے جس میں 1 لاکھ 10 ہزار انفرادی اکاؤنٹس اور 390 ملین ڈالر کے اثاثے شامل ہیں۔ اس کا ڈیزائن بچت کے نظم و ضبط، پورٹیبلٹی (منتقلی کی سہولت)، شفافیت اور مقابلے پر زور دیتا ہے، جو آجروں کے لیے مالی استحکام فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی کیپٹل مارکیٹس کو مزید وسعت دے رہا ہے۔
انہوں نے زرعی منڈیوں کی جدید کاری پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ایک مربوط فریم ورک کی وضاحت کی جو منظور شدہ اسٹوریج (گوداموں)، الیکٹرانک ویئر ہاؤس رسیدوں کی بینکنگ کے لیے قبولیت، اور اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے اجناس کی تجارت پر مبنی ہے، جسے ریگولیٹرز، کلیئرنگ اداروں، ڈپازٹریز اور صوبائی حکومتوں کا تعاون حاصل ہے۔ حکومتِ پنجاب کا پروگرام اس بات کی مثال پیش کرتا ہے کہ کس طرح سبسڈی والے اسٹوریج اور فنانسنگ کے ذریعے کسانوں اور تاجروں کو رسمی مارکیٹ کے ڈھانچے کو اپنانے کی ترغیب دی جا سکتی ہے۔ ایس ای سی پی کے وائٹ پیپر کے مطابق انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اصلاحات مارکیٹ کے اداروں، ریگولیٹرز اور صوبائی حکومتوں کو ہمہ گیر ترقی کے لیے ایک پیج پر لاتی ہیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026























Comments