کولمبیا میں تباہ کن سیلاب کے باعث ہنگامی حالت نافذ
- صوبہ کوردوبا میں ڈیم اور دریاؤں میں طغیانی کے باعث پانی گھروں میں داخل ہو گیا
کولمبیا نے بدھ کے روز ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا جب سیلاب کے باعث 18 افراد ہلاک اور ہزاروں خاندان بے گھر ہو گئے۔ یہ تباہی ملک کے شمالی مویشی پالنے والے علاقے میں پیش آئی۔
صوبہ کوردوبا میں ڈیم اور دریاؤں میں طغیانی کے باعث پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ یہ علاقہ سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شامل ہے جہاں ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق سیلاب سے 4 ہزار 300 سے زائد مکانات تباہ ہو گئے جبکہ چراگاہوں اور زرعی زمین کے وسیع رقبے زیر آب آ گئے ہیں۔
مویشی پال حضرات کی تنظیم کے مطابق کم از کم 1 ہزار 200 مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔
کولمبیا کی ڈیزاسٹر ریلیف ایجنسی نے پیر کو ملک بھر میں 22 ہلاکتوں کی اطلاع دی تھی، تاہم بعد میں اس تعداد میں کمی کر دی گئی۔
ہنگامی فرمان کے تحت صدر گستاوو پیٹرو کو 30 دن کے لیے خصوصی اختیارات حاصل ہوں گے تاکہ وہ بحران سے نمٹنے کے لیے اقدامات کر سکیں، جن میں متاثرہ صوبوں کے لیے پارلیمانی منظوری کے بغیر وسائل مختص کرنا بھی شامل ہے۔

























Comments