ٹیکس دہندگان کی مالی رازداری کی خلاف ورزی نہیں کی گئی، ایف بی آر
- حالیہ ٹیکسٹ پیغامات بھیجنے کا مقصد آگاہی فراہم کرنا اور ٹیکس دہندگان میں رضاکارانہ تعمیل کو فروغ دینا تھا، سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے واضح کیا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے ٹیکس دہندگان کو ان کے بینک اکاؤنٹس اور منقولہ و غیر منقولہ جائیداد سے متعلق بھیجے گئے ٹیکسٹ پیغامات کے ذریعے مالی رازداری کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی گئی۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں جمع کرائی گئی ایف بی آر کی تحریری بریفنگ کے مطابق حالیہ ٹیکسٹ پیغامات بھیجنے کا مقصد آگاہی فراہم کرنا اور ٹیکس دہندگان میں رضاکارانہ تعمیل کو فروغ دینا تھا۔
ایف بی آر کے مطابق ان پیغامات میں استعمال ہونے والی معلومات صرف متعلقہ ٹیکس دہندہ کے اپنے مالی پروفائل سے متعلق ہوتی ہیں اور یہ معلومات صرف اسی فرد کے ساتھ شیئر کی جاتی ہیں جس سے ان کا تعلق ہو۔ ان پیغامات کی ترسیل میں کسی تیسرے فریق کو شامل نہیں کیا جاتا اور تمام رابطہ کاری محفوظ سرکاری ذرائع سے کی جاتی ہے۔
بریفنگ میں مزید کہا گیا ہے کہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے تحت ایف بی آر کو ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور تعمیل بہتر بنانے کے لیے مختلف اداروں سے تھرڈ پارٹی ڈیٹا حاصل کرنے کا قانونی اختیار حاصل ہے۔ اس ضمن میں سیکشن 165اے کے تحت تمام بینکنگ کمپنیوں کو مقررہ حد سے زائد جمع رقوم، نکلوانے اور ادائیگیوں سے متعلق معلومات بورڈ کو فراہم کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔
اسی طرح سیکشن 175اے کے تحت نادرا، ایف آئی اے، اسٹیٹ بینک، صوبائی لینڈ اتھارٹیز، بجلی اور گیس یوٹیلیٹیز سمیت نامزد اداروں کے ڈیٹا بیس تک براہ راست رسائی فراہم کی جاتی ہے، جو سیکشن 216 کے تحت رازداری کے اصولوں کے پابند ہوتے ہوئے صرف ٹیکس مقاصد کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ تمام ڈیٹا اس کے محفوظ نظام میں رکھا جاتا ہے اور قانون اور ڈیٹا تحفظ کے اصولوں کے مطابق صرف رسک بیسڈ تجزیے اور ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
ادارے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ شہریوں کے مالی رازداری کے حق سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور ڈیٹا سیکیورٹی اور رازداری کے اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بناتا ہے۔ ایف بی آر کے مطابق مذکورہ پیغامات مالی رازداری کی خلاف ورزی نہیں بلکہ رضاکارانہ تعمیل کو مضبوط بنانے اور ٹیکس دہندگان کو ان کی اپنی مالی معلومات سے باخبر رکھنے کی کوشش کا حصہ ہیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026
























Comments