اسلام آباد میراتھن میں 5 ہزار رنرز کی شرکت، وفاقی دارالحکومت کی سڑکوں پر شہریوں کا جوش و خروش
- پاکستان سمیت 30 ممالک کے ایتھلیٹس نے حصہ لیا، شیر خان، سلطنت سمپینا، محمد سلیم، سعدیہ مقبول، محمد ریاض اور ماہ نور افضل نے میدان مار لیا
وفاقی دارالحکومت میں منعقدہ میلو اسلام آباد میراتھن 2026 فٹنس اور کمیونٹی اسپرٹ کا ایک بڑا جشن ثابت ہوئی، جس میں پاکستان سمیت 30 ممالک کے 5,000 سے زائد رنرز نے حصہ لیا۔
ایف نائن پارک سے ڈی چوک تک کے خوبصورت روٹ پر منعقدہ اس دوڑ میں مرد و خواتین کے ساتھ ساتھ چین، برطانیہ، امریکہ اور قازقستان جیسے ممالک کے اتھلیٹس نے شرکت کر کے اسے بین الاقوامی رنگ دے دیا۔
فل میراتھن (مرد) میں شیر خان نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ خواتین میں قازقستان کی سلطنت سمپینا فاتح رہیں۔ ہاف میراتھن میں پاکستان کے محمد سلیم اور سعدیہ مقبول نے پہلی پوزیشنیں اپنے نام کیں۔ اسی طرح 10 کلومیٹر ریس میں محمد ریاض اور ماہ نور افضل جبکہ 5 کلومیٹر کیٹیگری میں محمد اختر اور ارم شہزادی پہلے نمبر پر رہے۔
منتظمین کے مطابق اس ایونٹ کا مقصد ملک میں دوڑنے کے کلچر، برداشت اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا ہے۔ اسلام آباد رن ود اس (آئی آر یو) کے سی ای او قاسم ناز نے 2016 میں اس تحریک کا آغاز کیا تھا، جو اب ایک بڑے بین الاقوامی سپورٹس ایونٹ کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ یہ میراتھن نہ صرف کھیلوں کی سرگرمیوں بلکہ پاکستان کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا بھی ذریعہ بنی۔























Comments