ایس جی ایف ایل اور گولڈن اسٹار کا پاکستان میں 6.5 ملین ڈالر کے فٹ ویئر منصوبے کا اعلان
- منصوبے کا مقصد پاکستان میں نان لیدر جوتوں کی تیاری، فروخت اور ان کی برآمدات ہے
سروس انڈسٹریز لمیٹڈ کے ذیلی ادارے، سروس گلوبل فٹ ویئر لمیٹڈ (ایس جی ایف ایل) نے چین کی گولڈن اسٹار فٹ ویئر گروپ لمیٹڈ (جی ایس ایف ایل) کے ساتھ ایک مشترکہ منصوبے (جوائنٹ وینچر) کی منظوری دی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد پاکستان اور برآمدی منڈیوں کے لیے نان لیدر جوتوں کی تیاری اور فروخت ہے۔
لسٹڈ کمپنی نے یہ پیش رفت بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جاری کردہ نوٹس میں ظاہر کی۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق سروس گلوبل فٹ ویئر لمیٹڈ (ایف جی ایف ایل) جو کہ ایک ذیلی کمپنی ہے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 20 جنوری 2026 کو اپنے اجلاس میں ایک چینی کمپنی جی ایس ایف جی ایل کے ساتھ مشترکہ منصوبے (جوائنٹ ونچر) کے معاہدے میں شامل ہونے کی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد پاکستان میں نان لیدر جوتوں کی تیاری، فروخت اور ان کی برآمدات ہے۔ اس مشترکہ منصوبے میں ایس جی ایف ایل کا حصہ 51 فیصد اور جی ایس ایف جی ایل کا حصہ 49 فیصد ہوگا۔ اس پروجیکٹ کو شروع کرنے کیلئے ایک نئی کمپنی (جے وی سی ) تشکیل دی جائے گی جس کا نام سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی ) کی منظوری کے مطابق رکھا جائے گا۔
پروجیکٹ کے پہلے مرحلے کی لاگت کا تخمینہ 6.5 ملین ڈالر لگایا گیا ہے جو دونوں شراکت دار اپنی اپنی حصص داری (شیئر ہولڈنگ) کے تناسب سے ادا کریں گے۔
اس کے علاوہ ایس جی ایف ایل نے مجوزہ مشترکہ کمپنی میں پانچ سال کی مدت کے دوران وقتاً فوقتاً ایک ارب روپے تک کی طویل مدتی ایکویٹی سرمایہ کاری کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے جس کے لیے کمپنی ایکٹ 2017 کے سیکشن 199 اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت حصص یافتگان (شیئر ہولڈرز) سے منظوری لی جائے گی۔
مزید برآں بورڈ نے مرید کے، پنجاب میں واقع ایس جی ایف ایل کی زمین اور عمارت، جس کی پیمائش 136,816 مربع فٹ ہے اور ڈھکا ہوا رقبہ (کورڈ ایریا) 79,760 مربع فٹ ہے، مجوزہ مشترکہ منصوبے (جوائنٹ وینچر) کو ابتدائی طور پر ایک سال کی مدت کے لیے لیز پر دینے کی منظوری دے دی ہے۔ عمارت کی لیز متعلقہ ضوابط کے تحت درکار ایس جی ایف ایل کے حصص یافتگان (شیئر ہولڈرز) کی پیشگی منظوری سے مشروط ہوگی۔
بشرطیکہ، عمارت کی لیز (کرایہ داری) کمپنی ایکٹ 2017 کے سیکشن 183 (3) اور اس سے متعلقہ ضوابط کے تحت درکار ایس جی ایف ایل کے حصص یافتگان (شیئر ہولڈرز) کی پیشگی منظوری سے مشروط ہوگی۔
سروس گلوبل فٹ ویئر لمیٹڈ پاکستان میں بطور پبلک لمیٹڈ کمپنی 2019 میں قائم کی گئی تھی۔ یہ کمپنی جوتوں، چمڑے اور اس سے متعلقہ مصنوعات کی تیاری، فروخت، مارکیٹنگ، درآمد اور برآمد کے کاروبار سے وابستہ ہے۔“






















Comments