سندھ مضاربہ کے لیے 2 ارب روپے کی ایکویٹی کی منظوری
- ادارے کی اسلامی فنانسنگ سرگرمیوں میں توسیع اور منافع میں استحکام کی توقع
سندھ مضاربہ (ایس ایم) کو مضبوط مالی بنیاد فراہم کرنے کے لیے سندھ کابینہ نے آئندہ دو مالی سالوں میں 2 ارب روپے کی ایکویٹی سرمایہ کاری کی منظوری دے دی ہے۔ اس پیش رفت سے ادارے کی اسلامی فنانسنگ سرگرمیوں میں توسیع اور منافع میں استحکام کی توقع ہے۔
منگل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے نوٹس میں لسٹڈ کمپنی نے بتایا کہ کابینہ نے مجموعی طور پر 2 ارب روپے کی ایکویٹی شامل کرنے کی منظوری دی ہے(ایک ارب روپے مالی سال 2025-26 میں جب کہ ایک ارب روپے مالی سال 2026-27 میں) تاکہ اسلامی فنانسنگ پورٹ فولیو کو مضبوط بنایا جا سکے۔
اس اقدام سے منافع، پورٹ فولیو کے حجم اور ادارے کے پھیلاؤ میں تسلسل کے ساتھ اضافہ متوقع ہے جس میں نئی شاخوں کا قیام، عملے میں اضافہ اور ریزرو میں بہتری شامل ہے۔
سندھ مضاربہ کو مضاربہ کمپنیز اور مضاربہ (فلوٹیشن اینڈ کنٹرول) آرڈیننس 1980 کے تحت قائم کیا گیا تھا اور اس کا انتظام سندھ مضاربہ مینجمنٹ لمیٹڈ کے پاس ہے۔
ایس ایم ایک مستقل، کثیرالمقاصد اور ہمہ جہت مضاربہ ہے جو بنیادی طور پر قابلِ اعتماد صارفین کو شریعت کے مطابق فنانسنگ سہولیات فراہم کرتا ہے۔
اسلامی اصولِ شراکت کے مطابق مضاربہ میں رب المال (سرمایہ کار) سرمایہ فراہم کرتا ہے جبکہ مضارب (منیجر) اپنی مہارت اور محنت بروئے کار لاتا ہے۔ منافع متعین شرح کے تحت تقسیم ہوتا ہے، جبکہ نقصان کی ذمہ داری صرف رب المال پر عائد ہوتی ہے۔ یہ نظام مکمل طور پر غیرسودی بنیادوں پر کام کرتا ہے۔
























Comments
Comments are closed.