کسٹمز کی کارروائیاں ، ایک ہفتے میں 1 ارب روپے کی اسمگل شدہ اشیا ضبط کرلیں
- 76 ٹن اسمگل شدہ انار لے جانے والے کنٹینر بھی پکڑلیے ، انار کی نیلامی کرکے 2 کروڑ 50 لاکھ قومی خزانے میں جمع
کلیکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ گڈانی نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران متعدد کارروائیوں میں تقریباً 1 ارب روپے مالیت کی اسگلڈ اشیا ضبط کرلی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق کھڑکھیرا چیک پوسٹ وندر پر کسٹمز ٹیموں نے ایک کنٹینر سے 188 کلو گرام چرس برآمد کی۔
اسی چیک پوسٹ پر ایک اور کارروائی میں کسٹمز افسران نے ایک مسافر بس روک کر 7 کروڑ روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان قبضے میں لے لیا۔
خفیہ معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے اسپیشل اسمگلنگ پریوینشن اسکواڈ نے 4 ریفریجریٹڈ کنٹینرز (ریفَرز) پکڑے جو 76 ٹن اسمگل شدہ انار لے جا رہے تھے۔ ضبط شدہ انار کی نیلامی کر کے 2 کروڑ 50 لاکھ روپے قومی خزانے میں جمع کرائے گئے۔
ادھر اورماڑہ میں کسٹمز ٹیموں نے دو مسافر بسیں روک کر 14 ہزار لیٹر اسمگل شدہ ایرانی پی او ایل قبضے میں لیا، جبکہ حب کے علاقے باوانی کے ایک گودام پر چھاپے کے دوران 10 ہزار 650 لیٹر اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل بھی برآمد ہوا۔
مزید برآں ایف ای یو خضدار میں ایک ہینو ٹرک سے 2 کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کے اسمگل شدہ پوسٹا دانہ بھی ضبط کیے گئے۔






















Comments
Comments are closed.