بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے قریب جمعے کو ایک طاقتور زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں کم از کم تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی، جبکہ بنگلہ دیش کے محکمہ موسمیات نے اس کی شدت 5.7 بتائی ہے۔ زلزلہ صبح 10 بج کر 38 منٹ پر نرسنگدی شہر کے نزدیک مادھابدی ضلع میں آیا، جو ڈھاکا سے تقریباً 33 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
جمعے کی صبح چھٹی کے دن ہونے کی وجہ سے گھروں میں موجود لاکھوں افراد خوف و ہراس کا شکار ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں سے عمارتیں لرز اٹھیں اور لوگ گھبرا کر گھروں، دفاتر اور دکانوں سے باہر نکل آئے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے رپورٹرز نے ڈھاکا کی سڑکوں پر لوگوں کو روتے اور خوف زدہ حالت میں دیکھا۔
ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک میڈیکل کا طالب علم بھی شامل ہے۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ ڈھاکا کے ایک علاقے میں آٹھ منزلہ عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی، جہاں اس وقت متعدد افراد موجود تھے۔ شکیب حسین نامی شخص نے بتایا کہ قصاب کی دکان کے قریب کئی افراد جمع تھے جب ملبہ گرا اور متعدد اشخاص زخمی ہو گئے۔
امریکی جیولوجیکل سروے نے خبردار کیا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں جانی نقصان اور عمارتوں کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ عبوری سربراہ محمد یونس نے بیان میں کہا کہ حکومت صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور عوام کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہنگامی ادارے ملک بھر میں موصول ہونے والی اطلاعات پر فوری کارروائی کر رہے ہیں۔
زلزلے کے جھٹکے بھارت کے شہر کولکتہ تک محسوس کیے گئے، جہاں لوگوں نے اچانک دفاتر اور گھروں سے باہر نکل کر پناہ تلاش کی۔ تاہم بھارت میں فوری طور پر کسی بڑے نقصان یا جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ حکام نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔






















Comments
Comments are closed.