ٹیکس بے ضابطبگی پر پی آر اے نے ریستورانوں اور کیفے کے ریکارڈ ضبط کرلیے
- پنجاب ریونیو اتھارٹی نے لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، بہاولپور اور وہاڑی میں کارروائیاں کیں
پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے صوبے بھر میں کارروائی کرتے ہوئے ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی اور بے ضابطگیوں پر متعدد ریستورانوں اور کیفے کے کاروباری ریکارڈ قبضے میں لے لیے ۔
ٹیکس چوری کے خلاف جاری مہم کے تحت پی آر اے نے مختلف ہاسپیٹلیٹی کاروباروں کا معائنہ کیا ، تاکہ شفافیت اور ٹیکس ضوابط کے صحیح نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس دوران لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، بہاولپور اور وہاڑی کے کئی ریستورانوں، کیفے اور مارکیز کے ریکارڈ ضبط کیے گئے۔
پی آر اے حکام کے مطابق ابتدائی جائزے میں ٹیکس ادائیگیوں میں تضادات اور ممکنہ بدعنوانیوں کا انکشاف ہوا۔ کئی معاملات میں کاروباری افراد نے صارفین سے سیلز ٹیکس وصول کیا مگر اسے خزانے میں جمع نہیں کروایا۔ متعلقہ دستاویزات ضبط کر کے غیر رجسٹرڈ بزنسز کے نظام تک رسائی بھی معطل کر دی گئی۔
حکام نے خبردار کیا کہ جھوٹی معلومات دینے یا ریکارڈ چھپانے والے اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی، کیونکہ جمع شدہ ٹیکس کو روکنا پی آر اے قوانین کے تحت جرم ہے۔
پہلے ہی خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جا چکے ہیں اور ای آئی ایم ایس کے لازمی استعمال کی شفافیت پر زور دیا گیا ہے۔
پنجاب کے وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا کہ ٹیکس چوری یا عوامی وسائل کے غلط استعمال کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

























Comments
Comments are closed.