کیڈٹ کالج وانا پر حملے کی کوشش ناکام، دو دہشت گرد ہلاک، آئی ایس پی آر
- فوج کے مطابق حملہ آوروں نے بارودی مواد سے بھری گاڑی کو مرکزی دروازے سے ٹکرا کر کالج کی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی
سیکورٹی فورسز نے پیر کے روز جنوبی وزیرستان میں کیڈٹ کالج وانا پر دہشت گرد حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک اور تین کو کالج کے انتظامی بلاک کے اندر گھیر لیا ہے۔ یہ بات آئی ایس پی آر نے اپنے ایک جاری بیان میں بتائی ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کالج کی کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ باقی حملہ آوروں کو بھی ختم کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ آوروں نے بارودی مواد سے بھری گاڑی کے ذریعے کالج کی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی، جو مرکزی دروازے سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں دروازہ منہدم اور ملحقہ ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔
فوج کے بیان کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں دو حملہ آوروں کو کمپاؤنڈ کے باہر ہی ہلاک کر دیا گیا، جبکہ تین دہشت گرد اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوئے، جنہیں انتظامی بلاک میں گھیر لیا گیا ہے۔
فوجی بیان میں کہا گیا کہ گھیرے میں آئے دہشت گرد افغانستان میں موجود اپنے ہینڈلرز سے رابطے میں تھے اور ان سے ہدایات لے رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق “فتنہ الخوارج” نامی گروہ، جو بھارت کا آلۂ کار ہے، نے 2014 کے آرمی پبلک اسکول حملے کی طرز پر کارروائی کرنے کی کوشش کی۔ آئی ایس پی آر نے خبردار کیا کہ پاکستان کو افغانستان میں موجود دہشت گردوں اور ان کی قیادت کے خلاف کارروائی کا حق حاصل ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکورٹی فورسز حکومت کے منظور کردہ وژن “عزمِ استحکام” کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی مہم جاری رکھیں گی، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کلیئرنس آپریشنز اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک خطرہ مکمل طور پر ختم نہیں ہو جاتا۔

























Comments
Comments are closed.