حب پاور کمپنی لمیٹڈ (پی ایس ایکس: حب) نے مالی سال 2026 کی پہلی سہ ماہی میں مجموعی منافع 11.6 ارب روپے ظاہر کیا، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 39 فیصد کمی کو ظاہر کرتا ہے۔ کمپنی کے منافع میں یہ گراوٹ بنیادی پلانٹ کی شراکت کے خاتمے اور نیرووال انرجی لمیٹڈ (این ای ایل) کے لیے نظرِثانی شدہ ٹیرف ڈھانچے کے باعث ہوا۔
کم منافع کے باوجود، کمپنی نے فی شیئر 5 روپے کے نقد منافع کا اعلان کیا، جو مضبوط لیکویڈیٹی کو ظاہر کرتا ہے، جس کی بنیاد ایسوسی ایٹس سے جاری ڈیویڈنڈ آمدنی پر ہے۔
کمپنی کی خالص آمدنی میں سالانہ بنیادوں پر 46 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، کیونکہ کم پلانٹ استعمال اور بنیادی پلانٹ کے اخراج نے آمدنی کی نمو کو محدود کردیا۔

نیرووال کے لیے پاور پرچیز ایگریمنٹ (پی پی اے) میں تبدیلی اور بنیادی پلانٹ کی آمدنی کے خاتمے کے بعد مجموعی منافع کی شرح میں دباؤ دیکھا گیا۔
تاہم، منافع میں بہتری ایسوسی ایٹس اور مشترکہ منصوبوں سے حاصل ہونے والی بلند منافع بخش آمدنی سے برقرار رہی، جنہوں نے مجموعی طور پر 10.8 ارب روپے کا حصہ ڈالا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 4 فیصد زیادہ ہے ، جس کی قیادت چائنا پاور حب جنریشن کمپنی (سی پی ایچ جی سی) اور بی وائے ڈی کے مقامی آپریشنز سے حاصل ہونے والی ابتدائی آمدنی نے کی۔ دیگر آمدنی میں بھی 26 فیصد اضافہ دیکھا گیا، جو زیادہ ڈیویڈنڈ وصولیوں اور بہتر ریکوریز کی بدولت ہوا۔
اخراجات کے اعتبار سے، انتظامی اخراجات میں سالانہ بنیادوں پر 270 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا، جو بی وائے ڈی اور تھر انرجی منصوبوں سے متعلق لاگتوں کی عکاسی کرتا ہے۔ اس کے برعکس، مالی اخراجات میں 54 فیصد کمی واقع ہوئی، جس کی وجہ کم شرحِ سود اور منصوبہ جاتی قرضوں کی ادائیگی تھی۔
کمپنی کی آمدنی کی ساخت بتدریج سی پیک سے منسلک آئی پی پیز بشمول سی پی ایچ جی سی، تھر انرجی لمیٹڈ (ٹی ای ایل) اور تھل نوا پاور (ٹی این پی ٹی ایل) کی طرف منتقل ہورہی ہے، جہاں دونوں تھر منصوبے اپنے پروجیکٹ کمپلیشن ڈیٹ (پی سی ڈی) کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ توقع ہے کہ مالی سال 2026 کے دوران یہ منصوبے نئے ڈیویڈنڈ ذرائع کو کھولیں گے، جو مستقبل کے کیش فلو کو مستحکم کریں گے۔
حکمتِ عملی کے لحاظ سے، حب پاور ایک خالص پاور پروڈیوسر سے ایک متنوع توانائی اور صنعتی پلیٹ فارم میں تبدیل ہورہی ہے۔
کمپنی نے تھر کول مائننگ (ایس ای سی ایم سی)، تیل و گیس کی تلاش (پرائم انٹرنیشنل) اور معدنی ترقی (آرک میٹلز) میں اپنا دائرہ کار بڑھایا ہے۔ اس کے علاوہ، کمپنی الیکٹرک موبیلٹی اور گرین انفراسٹرکچر میں بھی سرمایہ کاری کر رہی ہے، جہاں بی وائے ڈی گھارو سی کے ڈی پلانٹ کے مالی سال 2026 کی دوسری ششماہی میں آپریشنز شروع کرنے کی توقع ہے، جبکہ کراچی تا پشاور راہداری پر ایک الیکٹرک وہیکل چارجنگ نیٹ ورک کے قیام کا منصوبہ بھی زیرِ غور ہے۔
اسی دوران، حب پاور اپنے 1,100 ایکڑ پر محیط حب سائٹ کی تجارتی دوبارہ ترقی کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے، جس میں مقامی بوکسائٹ ذخائر اور اضافی توانائی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک ممکنہ ایلومینیم اسملٹر یا پی ایس او کے ساتھ اشتراک میں تیل کی درآمد کے لیے سنگل پوائنٹ مورنگ (ایس ایم پی) سہولت شامل ہے، جو موجودہ پائپ لائن انفراسٹرکچر استعمال کرے گی۔
حب پاور کے مالی سال 2026 کی پہلی سہ ماہی کے نتائج ایک منتقلی کے مرحلے میں موجود کمپنی کو ظاہر کرتے ہیں، جہاں قلیل مدتی منافع ساختی تبدیلیوں کے باعث متاثر ہوا، لیکن درمیانی مدت کے امکانات ایسوسی ایٹس کی مضبوط آمدنی، تھر منصوبوں کے ڈیویڈنڈز اور برقی گاڑیوں، مائننگ اور گرین انرجی جیسے تیز رفتار ترقی والے شعبوں میں متنوع سرمایہ کاری سے مستحکم ہیں۔























Comments
Comments are closed.