پاکستان کرکٹ ٹیم نے ہفتے کے روز بھارت کے خلاف سپر فور مرحلے کے میچ سے قبل دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والی شیڈول پریس کانفرنس منسوخ کر دی ہے۔ یہ میچ اتوار کو ایشیا کپ 2025 کے تحت کھیلا جائے گا، جس پر شائقین کرکٹ کی گہری نظر ہے۔
ادھر بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے میچ سے قبل ہونے والی پریس کانفرنس میں مصافحے کے تنازع پر بات کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ ایک اچھا مقابلہ ہو گا، بلے اور گیند کے درمیان۔“
یاد رہے کہ گزشتہ اتوار گروپ اے کے مقابلے میں دونوں روایتی حریفوں کے درمیان میچ تلخ ماحول میں ختم ہوا تھا، جب بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحے سے انکار کر دیا تھا، جس پر دونوں ممالک کے کرکٹ حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آیا۔
یہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان رواں سال مئی میں ہونے والے چار روزہ سرحدی تنازع کے بعد پہلا ٹاکرا تھا، جس میں 70 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔
اسی تناظر میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے میزبان ٹیم کے خلاف اہم گروپ میچ کے لیے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔ یاد رہے کہ زمبابوے سے تعلق رکھنے والے پائی کرافٹ نے گزشتہ اتوار کو ہونے والا پاکستان-بھارت میچ سپروائز کیا تھا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گروپ مرحلے کا آخری میچ ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا، جس کی وجہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے تقرر پر پیدا ہونے والا تنازع تھا۔
بعد ازاں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دعویٰ کیا کہ پائی کرافٹ نے معذرت کر لی، جس کے بعد معاملہ طے پایا ہے۔
تاہم اس کے باوجود پائی کرافٹ بدھ کے میچ میں میچ ریفری برقرار رہے اور اب اتوار کے روز ہونے والے بھارت پاکستان سپر فور مقابلے کے لیے بھی انہی کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
ادھر بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ بھارتی ٹیم نے ”نو ہینڈ شیک“ پالیسی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ اتوار کو گروپ مرحلے کے میچ کے بعد بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی ٹیم سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا تھا، جس پر خاصی تنقید ہوئی۔
پریس کانفرنس کے دوران جب بھارتی کپتان سوریا کمار یادو سے مصافحے اور میچ ریفری کے حوالے سے سوال کیا گیا، تو انہوں نے جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ ایک شاندار مقابلہ ہوگا، گیند اور بلے کے درمیان۔“
انہوں نے دباؤ سے نمٹنے کے حوالے سے کہا کہ ”کمرے کا دروازہ بند کرو، فون بند کرو اور سو جاؤ۔ یہ شور بند کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔ کہنا آسان ہے، مگر کرنا مشکل ہوتا ہے۔“
بھارت نے گروپ مرحلے میں تینوں میچز جیتے، جن میں جمعے کو ابو ظہبی میں اومان کے خلاف 21 رنز سے کامیابی بھی شامل ہے۔ اس سے قبل بھارت نے پاکستان کو سات وکٹوں اور متحدہ عرب امارات کو نو وکٹوں سے شکست دی ہے۔
اومان نے 188 کے ہدف کے جواب میں 167 رنز بنائے، جس پر سوریا کمار نے کہا کہ ”میرے خیال میں انہوں نے اچھی کرکٹ کھیلی۔ وہ اچھے انداز میں بیٹنگ کر رہے تھے، اور ہم نے بھی اپنے کھلاڑیوں کو میدان میں آزمانے کا اچھا موقع پایا۔“
بھارت کے خلاف اتوار کو کھیلے جانے والے اہم میچ سے قبل پاکستان نے مسلسل دوسری بار پری میچ پریس کانفرنس منسوخ کر دی۔
ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ”پاکستان آج اپنی پری میچ پریس کانفرنس نہیں کرے گا۔“
باخبر ذرائع کے مطابق پریس کانفرنس کی منسوخی کا مقصد مصافحے سے متعلق سوالات سے بچنا تھا، جو حالیہ دنوں میں ٹیم پر دباؤ کا باعث بنے ہیں۔






















Comments
Comments are closed.