واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے مالی سال 26-2025 کے لیے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں ٹیرف پیٹیشن دائر کرتے ہوئے اپنے ریونیو ریکوائرمنٹ میں 90 فیصد سے زائد اضافے کی درخواست دی ہے۔ واپڈا نے ہائیڈل لیویز سمیت مجموعی ریونیو 190.909 ارب روپے (مالی سال 2022-23) سے بڑھا کر 364.872 ارب روپے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس ٹیرف پیٹیشن پر نیپرا 11 ستمبر 2025 کو عوامی سماعت کریگی۔ پیٹیشن میں آپریشن اور مینٹیننس اخراجات میں 66.7 فیصد اضافہ مانگا گیا ہے، جو 23.749 ارب روپے سے بڑھا کر 39.792 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے۔ اسی طرح ڈپریسی ایشن کی مد میں بھی 16.6 فیصد اضافہ مانگا گیا ہے، جو 7.494 ارب سے بڑھا کر 8.668 ارب روپے تجویز ہے۔
ریٹرن آن انویسٹمنٹ (آر او آئی) کے تحت پاور اسٹیشنز کے لیے 32.011 ارب روپے طلب کیے گئے ہیں، جو گزشتہ 29.453 ارب کے مقابلے میں 9 فیصد زیادہ ہیں۔ پاور پراجیکٹس پر آر او آئی 36.771 ارب روپے سے بڑھا کر 99.642 ارب روپے تجویز کی گئی ہے، جو 172 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ہے۔
واپڈا نے 26-2025 کے لیے دیگر آمدنی کا تخمینہ 772 ملین روپے لگایا ہے جو 23-2022 میں 535 ملین روپے تھی۔ مختلف مدات کے تحت مجموعی ریونیو ریکوائرمنٹ 96.933 ارب روپے سے بڑھا کر 179.141 ارب روپے کر دی گئی ہے۔
پیٹیشن میں پرانے ریگولیٹری گیپ کلیمز بھی شامل ہیں جن میں 23-2022 کے لیے 22.352 ارب روپے، 24-2023 کے لیے 56.038 ارب روپے اور 25-2024 کے لیے 60.975 ارب روپے مانگے گئے ہیں۔ اس طرح مجموعی ریونیو ریکوائرمنٹ 23-2022 کے 119.962 ارب روپے سے بڑھ کر 26-2025 میں 318.507 ارب روپے ہو گئی ہے۔
نیٹ ہائیڈل پرافٹ (این ایچ پی) کی مد میں خیبرپختونخوا کے لیے 29.526 ارب روپے، پنجاب کے لیے 11.969 ارب روپے، آزاد کشمیر کے لیے 5.086 ارب روپے واٹر یوز چارجز اور ارسا کے لیے 158 ملین روپے مانگے گئے ہیں۔
واپڈا کا کہنا ہے کہ ہائیڈل لیویز سمیت اس کی مجموعی ریونیو ریکوائرمنٹ اب 364.872 ارب روپے تک جا پہنچی ہے، جبکہ اس کی متوقع بجلی پیداوار 23-2022 کے 31,286 گیگا واٹ آور سے بڑھ کر 26-2025 میں 31,563 گیگا واٹ آور ہوگی۔
نیپرا قواعد کے مطابق متعلقہ فریقین اس پیٹیشن پر اعتراضات یا آرا جمع کرا سکتے ہیں، جنہیں حتمی فیصلے میں مدنظر رکھا جائے گا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025
























Comments
Comments are closed.