ٹرَیکر مڈل ایسٹ ایل ایل سی، جو کہ ٹی پی ایل ٹریکر لمیٹڈ (ٹی پی ایل ٹی) کی وابستہ کمپنی ہے نے اپنا پہلا افریقی پروجیکٹ حاصل کرلیا ہے اور چاڈ میں آئی او ٹی پر مبنی ایندھن مانیٹرنگ حل فراہم کرنے کے لیے سوسائٹی،سی بِٹ اور ایس اے آر ایل کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جو مشرق وسطیٰ سے باہر اپنے جغرافیائی دائرہ کار کو بڑھانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔
ٹی پی ایل ٹریکر لمیٹڈ کی جانب سے یہ پیش رفت جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس میں ظاہر کی گئی۔
نوٹس کے مطابق ہم یہ اعلان کرتے ہوئے خوش ہیں کہ ہماری وابستہ کمپنی ٹرَیکر مڈل ایسٹ ایل ایل سی نے افریقہ کے جمہوریہ چاڈ میں آئی او ٹی پر مبنی ایندھن مانیٹرنگ حل فراہم کرنے کے لیے سوسائٹی،سی بِٹ’ ایس اے آر ایل کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے۔
ٹی پی ایل ٹی کے مطابق یہ منصوبہ ٹرَیکر مڈل ایسٹ ایل ایل سی کی افریقہ میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے اور مشرق وسطیٰ سے باہر اپنے اثر و رسوخ کو بڑھانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
کمپنی نے مزید کہا کہ یہ اقدام دیگر افریقی مارکیٹوں میں توسیع کے مواقع بھی فراہم کرتا ہے جہاں آئی او ٹی پر مبنی ٹیلی میٹکس اور ایندھن مانیٹرنگ حل کے لیے ترقی کی امید افزا صلاحیت موجود ہے۔
گزشتہ سال ٹی پی ایل ٹریکر لمیٹڈ نے متحدہ عرب امارات کی گارگش گروپ کے ساتھ اپنے وابستہ ادارے ٹرَیکر مڈل ایسٹ لمیٹڈ (ٹی ایم ای) میں نئی ایکویٹی سرمایہ کاری کے لیے اسٹریٹجک پارٹنرشپ کا اعلان کیا تھا۔
ٹی پی ایل ٹریکر لمیٹڈ کو پاکستان میں دسمبر 2016 میں ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طور پر رجسٹر کیا گیا تھا۔ اس سے قبل یہ کمپنی ٹی پی ایل وہیکل ٹریکنگ (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے نام سے جانی جاتی تھی۔ یہ کمپنی ٹی پی ایل کارپوریشن لمیٹڈ کی ذیلی کمپنی ہے جبکہ ٹی پی ایل ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ اس کی بنیادی کمپنی ہے۔
کمپنی گاڑیوں کے ٹریکنگ آلات کی تنصیب اور فروخت کے ساتھ ساتھ فلیٹ مینجمنٹ خدمات میں بھی سرگرم عمل ہے اور مختلف صنعتوں کو انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT) کے حل فراہم کرتی ہے۔
ٹی پی ایل ٹریکر لمیٹڈ کی خدمات میں کولڈ چین مانیٹرنگ، ایندھن کی نگرانی، جنریٹر سیٹ کی مانیٹرنگ، اور ڈرائیور کے رویے کی مانیٹرنگ شامل ہیں۔


















Comments
Comments are closed.