اینگرو پاورجن قادرپور لمیٹڈ (ای پی کیو ایل)، جو اینگرو انرجی لمیٹڈ کی ذیلی کمپنی ہے، نے اعلان کیا ہے کہ اس نے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (گارنٹی) لمیٹڈ (سی پی پی اے-جی) کے ساتھ اپنے پاور پرچیز معاہدے (پی پی اے) میں ایک ضمنی معاہدہ مکمل کرلیا ہے۔
کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جاری کردہ نوٹس میں کہا کہ اس معاہدے کے تحت پیٹرولیم ایکسپلوریشن لمیٹڈ (پی ای ایل) کی جانب سے فراہم کردہ بدر-1 گیس فیلڈ کی گیس کو ای پی کیو ایل کے پاور پلانٹ کے لیے ایک اضافی ایندھن کے طور پر شامل کیا جائے گا۔
گزشتہ سال اگست میں کمپنی نے پی ای ایل کے ساتھ گیس سپلائی کا معاہدہ کیا تھا، لیکن گیس کا استعمال صرف اس وقت ممکن ہوسکے گا جب معاہدے کی ریگولیٹری منظوری مکمل ہوگی۔
بیان کے مطابق ضمنی معاہدہ بعض ریگولیٹری منظوریوں سے مشروط ہے، اور جی ایس اے کے تحت گیس کا استعمال صرف اس وقت شروع ہوگا جب تمام ضروری منظوری حاصل کرلی جائیں گی۔
ای پی کیو ایل ایک آزاد بجلی گھر (آئی پی پی) ہے جو گھوٹکی کے قادرپور میں 217 میگاواٹ پرمیٹ گیس پر مبنی پاور پلانٹ چلاتا ہے۔
یہ پلانٹ ایک کمبائنڈ سائیکل پاور پلانٹ ہے، جس کی کنفیگریشن 1+1+1 ہے، جس میں ایک گیس ٹربائن، ایک ہیٹ ریکوری سسٹم جنریٹر (ایچ آر ایس جی) اور ایک اسٹییم ٹربائن شامل ہیں۔

























Comments
Comments are closed.