ماری انرجیز لمیٹڈ نے مالی سال 2025 میں 65.38 ارب روپے کا منافع بعد از ٹیکس حاصل کیا، جو پچھلے مالی سال کے 77.29 ارب روپے کے مقابلے میں سالانہ بنیاد پر 15 فیصد سے زائد کمی کو ظاہر کرتا ہے۔
کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے جمعہ کو ہونے والے اجلاس میں 30 جون 2025 کو ختم ہونے والی مدت کے مالی نتائج کا جائزہ لیا۔ اجلاس کے دوران، بورڈ نے فی حصص 21.7 روپے یعنی 217 فیصد کا سالانہ کیش ڈویڈنڈ دینے کا اعلان کیا۔
تازہ ترین مالیاتی نتائج کے مطابق، کمپنی کی فی حصص آمدنی (ای پی ایس) 54.45 روپے رہی، جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 64.37 روپے فی حصص تھی۔
منافع میں کمی کی بنیادی وجوہات کم آمدنی اور زیادہ اخراجات رہیں۔
ماری کی مجموعی فروخت 2 فیصد سے زائد کمی کے ساتھ 200.2 ارب روپے رہی، جو گزشتہ سال 204.6 ارب روپے تھی۔ ای اینڈ پی (ای ایند پی) نیٹ سیلز تقریباً 3 فیصد کمی کے ساتھ 177.1 ارب روپے رہیں۔
سیلز لاگت (جس میں رائلٹی، آپریٹنگ اور انتظامی اخراجات شامل ہیں) 32 فیصد اضافے کے ساتھ 76.7 ارب روپے تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال 58 ارب روپے تھی۔
کل اخراجات تقریباً 25 فیصد اضافے کے ساتھ 100.4 ارب روپے رہے، جو گزشتہ سال 80.5 ارب روپے تھے۔ ٹیکس سے قبل منافع تقریباً 20 فیصد کمی کے ساتھ 88.6 ارب روپے رہا۔
ماری انرجیز لمیٹڈ ملک کا دوسرا سب سے بڑا قدرتی گیس پیدا کرنے والا ادارہ ہے اور دہرکی، سندھ میں ملک کا سب سے بڑا گیس ذخیرہ چلاتا ہے۔ مالی سال 25 میں کمپنی کا ریزرو ٹو پروڈکشن ریشو 20 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
کمپنی نے 39.13ایم ایم بی او ای کی سب سے زیادہ ہائیڈروکاربن فروخت حاصل کی، حالانکہ آرایل این جی کی زیادتی اور وزیرستان بلاک سے پیداوار میں تاخیر کا سامنا رہا۔
ماری منرلز نے اگست 2025 میں ضلع چاغی میں ای ایل-322 اور 323 میں ڈرلنگ شروع کی۔ ٹیکنالوجی کے محاذ پر، اسلام آباد میں پہلا 5 میگاواٹ ڈیٹا سینٹر تعمیر ہو رہا ہے جبکہ کراچی میں دوسرے ڈیٹا سینٹر کیلئے پیش رفت منصوبے کے مطابق جاری ہے۔























Comments
Comments are closed.