جے کے اسپننگ ملز لمیٹڈ (جے کے ایس ایم)، جو کہ ایک پاکستانی ٹیکسٹائل کمپنی ہے، نے اپنی گرین انرجی صلاحیت میں اضافے کا اعلان کیا ہے اور کمپنی کی حکمتِ عملی کے تحت مزید 7 میگاواٹ گنجائش کی تنصیب کا منصوبہ بنایا ہے۔
یہ پیشرفت کمپنی کی جانب سے جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے ایک نوٹس میں ظاہر کی گئی۔
نوٹس میں کہا گیا کہ ہم پہلے ہی 7 میگاواٹ کی شمسی توانائی کی تنصیب کر چکے ہیں اور توانائی لاگت میں کمی کے لیے مزید 7 میگاواٹ کے لیے سپلائرز سے مذاکرات جاری ہیں۔
کمپنی نے بتایا کہ اس سرمایہ کاری کے لیے بینک فنانسنگ کی منظوری بھی حاصل ہو چکی ہے۔
پاکستان میں متبادل توانائی، بالخصوص شمسی توانائی کی طرف رجحان میں تیزی دیکھی جا رہی ہے، جو اب رہائشی اور تجارتی شعبوں میں مقبول ہوتی جا رہی ہے۔
اس بڑھتے رجحان نے قومی گرڈ اور توانائی کے شعبے پر اس کے ممکنہ اثرات کے حوالے سے پالیسی سازوں کو بھی غور و فکر پر مجبور کر دیا ہے، کیونکہ بجلی کی مجموعی کھپت میں نمایاں اضافہ نہیں ہو رہا۔
اس کے باوجود کئی منصوبے اس نسبتاً کم قیمت توانائی ذریعے سے فائدہ اٹھانے کے لیے شروع کیے گئے ہیں۔
ادھر، جے کے اسپننگ نے اپنے شیئر ہولڈرز کو آگاہ کیا کہ وہ اپنی پیداوار میں بہتری کے لیے خودکار اور جدید ٹیکنالوجی شامل کرنے جا رہی ہے۔
کمپنی کے مطابق ہم ایک خودکار فلیٹ شیٹ کراس ہیمنگ یونٹ اور ایک خودکار پلو کیس کور سائیڈ-کلوزنگ یونٹ شامل کر رہے ہیں، جن پر مجموعی لاگت 16 کروڑ 10 لاکھ روپے آئے گی۔’’
کمپنی نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے لیٹر آف کریڈٹ (ایل سیز) بینکوں کے ساتھ کھول دیے گئے ہیں اور تمام مالی انتظامات مکمل ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے پیداوار میں بہتری، لیبر لاگت میں کمی اور کام کے معیار اور درستگی میں اضافہ ممکن ہو گا۔
کمپنی نے مزید بتایا کہ انتظامیہ نے 34,224 اسپنڈلز کو جدید اوپن اینڈ اسپننگ سسٹم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو 6,000 روٹرز پر مشتمل ہو گا۔
کمپنی کے مطابق یہ حکمتِ عملی کومبر-نائل ویسٹ کو کارآمد بنانے اور ایسے یارن کی تیاری میں مدد دے گی جو بین الاقوامی خریداروں کے پائیدار تقاضوں پر پورا اترتا ہو۔
کمپنی نے بتایا کہ اس منصوبے کی کمرشل پیداوار ستمبر میں شروع ہو جائے گی۔
جے کے اسپننگ ملز ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی ہے، جو 7 جنوری 1987 کو پاکستان میں سابقہ کمپنیز آرڈیننس 1984 (جو اب کمپنیز ایکٹ 2017 بن چکا ہے) کے تحت قائم کی گئی۔ کمپنی کا کاروبار ٹیکسٹائل کی تیاری، جس میں جننگ، اسپننگ، سلائی، یارن اور فیبرک کی خرید و فروخت شامل ہے، پر مشتمل ہے۔

























Comments
Comments are closed.