انٹربینک مارکیٹ میں پیر کو ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 0.03 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی۔
کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے روپیہ 8 پیسے کی تنزلی سے 284.95 روپے پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے روپیہ 41 پیسے یا 0.15 فیصد کی تنزلی سے 284.87 روپے کا ہوگیا۔
عالمی منڈی میں پیر کو جاپانی ین کی قدر میں بہتری دیکھی گئی، جب جاپان کے حکمران اتحاد کی ایوانِ بالا میں اکثریت ختم ہوگئی۔ اس پیش رفت نے سرمایہ کاروں میں امریکہ کے ساتھ ٹیرف مذاکرات کی ڈیڈ لائن سے قبل پالیسی جمود اور معاشی غیریقینی کی فضا پیدا ہونے کے خدشات کو ہوادی۔
جاپانی مارکیٹس آج بند رہیں، جس کے باعث ین ہی سرمایہ کاروں کی بے چینی کا پیمانہ بن گیا۔ ابتدائی لین دین سے اندازہ ہوتا ہے کہ انتخابات کے نتائج بڑی حد تک پہلے ہی مارکیٹ میں شامل ہوچکے تھے۔
سرمایہ کاروں کی توجہ مکمل طور پر صدر ٹرمپ کی جانب سے عالمی سطح پر ٹیرف حملوں پر مرکوز ہے۔ گزشتہ ہفتے فنانشل ٹائمز کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ امریکی صدر یورپی یونین کی مصنوعات پر بھاری نئے ٹیرف کے نفاذ کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔
امریکی وزیرِ تجارت ہاورڈ لٹ نک نے اتوار کو اعتماد ظاہر کیا کہ امریکہ یورپی یونین کے ساتھ تجارتی معاہدہ کرنے میں کامیاب ہو جائے گا تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ٹیرف کے نفاذ کے لیے یکم اگست حتمی ڈیڈ لائن ہے۔
یورو کی قدر 0.12 فیصد کمی کے ساتھ 1.16165 ڈالر پر آ گئی، جبکہ برطانوی پاؤنڈ کی آخری قیمت 1.13417 ڈالر رہی۔
ڈالر انڈیکس 98.352 پر موجود رہا۔
























Comments
Comments are closed.