2025 ایشین مردوں کی انڈر-16 والی بال چیمپئن شپ تھائی لینڈ کے ناخون پاتھوم اور راتچابوری شہروں میں منعقد ہوئی۔
گرین شرٹس نے 19 جولائی کو دفاعی چیمپئن ایران کو ایک سنسنی خیز فائنل میں 3-2 سے شکست دے کر آٹھ روزہ مہم کا شاندار اختتام کیا۔
پاکستان نے ابتدائی مرحلے میں جنوبی کوریا، سعودی عرب اور چینی تائپے کے خلاف اسٹریٹ سیٹ فتوحات سے شاندار آغاز کیا اور بغیر کسی شکست کے آگے بڑھا۔
ٹیم نے اگلے مرحلے میں بھی زبردست فارم برقرار رکھی، جس میں پول ایف میں ایران کے خلاف 3-1 کی یادگار جیت شامل تھی، جہاں تجربہ کار کوچ فیضان اللہ اور محمد جنید نے شاندار کھیل پیش کیا۔
سیمی فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو 3-0 سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی اور ورلڈ انڈر-17 چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
فائنل میں ایران نے ابتدائی دو سیٹس (22-25، 21-25) جیت کر برتری حاصل کی، لیکن پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے اگلے تین سیٹس (30-28، 25-21، 15-10) اپنے نام کیے۔ محمد جنید نے 28 پوائنٹس کے ساتھ سب سے زیادہ اسکور کیا، جبکہ فیضان نے 22، طلحہ نے 9 اور عرفان نے 8 پوائنٹس بنائے۔
ہیڈ کوچ کفایت اللہ، جو 1989 کے ساؤتھ ایشین گیمز کے والی بال گولڈ میڈلسٹ رہ چکے ہیں، نے ٹیم کی لگن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ فتح بے شمار قربانیوں کا نتیجہ ہے… ہم نے اٹک اور اسلام آباد میں محدود وسائل کے ساتھ کیمپ لگایا، لیکن عزم پختہ رکھا اور مقصد پر نظر جمائے رکھی۔“
انہوں نے بتایا کہ تیاری کے دوران کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، جن میں اسلام آباد کی گرمی سے مطابقت پیدا کرنا اور ادارہ جاتی رکاوٹوں کے باوجود فوکس برقرار رکھنا شامل تھا، تاہم پی وی ایف اور پاکستان آرمی سینٹر نے کیمپ کی بھرپور معاونت کی۔
پاکستان اس ٹائٹل کو 2023 میں شروع ہونے کے بعد جیتنے والا دوسرا ملک بن گیا۔ سیمی فائنل میں پہنچ کر ٹیم نے 2026 ایف آئی وی بی بوائز انڈر-17 ورلڈ چیمپئن شپ میں اپنی جگہ یقینی بنا لی۔
ابتدائی مرحلے میں شاندار فتوحات سے لے کر فائنل میں تاریخی کم بیک تک، اس کارکردگی نے یوتھ والی بال میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے مقام کو اجاگر کیا ہے۔
ملکی سطح پر پذیرائی
فتح کے بعد ملک بھر سے مبارکبادوں کا تانتا بندھ گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ”زبردست میچ چیمپئنز! پاکستان کی انڈر-16 والی بال ٹیم نے شاندار کارکردگی سے ایشین انڈر-16 والی بال چیمپئن شپ جیت لی! ٹیم پاکستان کو مبارکباد۔“
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گرین شرٹس کو قوم کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔
فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے بھی نوجوان کھلاڑیوں کو چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔






















Comments
Comments are closed.